ایک دن کی سی بی آئی تحویل، چدمبرم کے اندیشے درست ، عدالت قلع بند
نئی دہلی۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیرفینانس پی چدمبرم کے فرزند کارتی چدمبرم کو سی بی آئی نے آئی این ایکس میڈیا کیس کی تحقیقات کے ضمن میں آج چینائی ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ 46 سالہ کارتی کو لندن سے واپسی پر سی بی آئی کی ایک ٹیم نے گرفتار کرلیا جنہیں دہلی کے طیارہ میں سوار کرتے ہوئے دہلی ہیڈکوارٹرس لایا گیا جہاں سی بی آئی آج شام تک سی بی آئی کی نامزد عدالت میں پیشکشی سے قبل طبی معائنہ اور دیگر رسمی ضابطوں کی تکمیل کی اور مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کیا گیا۔ اس ادارہ نے کارتی کو تحویل منتقلی کیلئے چینائی کے مقامی مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش نہیں کیا کیونکہ اس مرکزی تحقیقاتی ادارہ کا دائرہ کار کل ہند سطح کا حامل ہے ۔ عدالت نے تفتیش کیلئے کارتی چدمبرم کو ایک دن کی سی بی آئی تحویل میں دے دیا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم کو اپنے بیٹے کارتی کی گرفتاری کا پہلے ہی غیبی اشارہ مل چکا تھا جب انہوں نے حال ہی میں سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کرتے ہوئے خود انہیں اور ان کے ارکان خاندان کو مسلسل ہراسانی کے اندیشوں پر ایک درخواست دائر کی تھی لیکن اس درخواست پر سماعت کے آغاز سے قبل ہی ان کے فرزند کارتی کو لندن سے واپسی پر آج چینائی ایرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا۔کارتی چدمبرم نے اپنے گرفتاری وارنٹ پر دستخط کرتے ہوئے اس پر تحریر کیا کہ ان کے خلاف تمام الزامات کا مقصد ان کے والد پی چدمبرم کو نشانہ بنانا ہے اور یہ اقدام سیاسی مفادات پر مبنی ہے۔ پٹیالہ ہاؤس ڈسٹرکٹ کورٹ کی عمارت آج قلعہ بند ہوگئی تھی۔ جیسے ہی چینائی سے بذریعہ طیارہ کارتی چدمبرم کی دہلی منتقلی کی خبر ملی اس عدالت کے تمام اہم مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی تھیں۔ سی بی آئی عہدیداروں، وکلائے صفائی، صحافیوں اور تماشائیوں کا ایک ہجوم کارتی کی خصوصی عدالت کے جج سنیل کے اجلاس پر پیش ہونے سے قبل جمع ہوگیا تھا۔ دریں اثناء سی بی آئی نے کارتی چدمبرم کی گرفتاری کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کارتی کو تحقیقات کیلئے گذشتہ 6 ماہ میں کئی بار طلب کیا تھا لیکن وہ حاضر ہونے سے قاصر رہے۔ اس لئے انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے عدالت سے خواہش کی کہ تفتیش کیلئے انہیں 15 دن کی سی بی آئی تحویل میں دیا جائے۔ تاہم عدالت نے صرف ایک دن کی اجازت دی۔ سینئر قانون داں کپل سبل نے مرکزی حکومت کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی پنجرے کا طوطا نہیں بلکہ حکومت کا گیت گانے والا طوطا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سی بی آئی جس نے کارتی چدمبرم کو گرفتار کیاہے درحقیقت سہراب الدین شیخ انکاؤنٹر مقدمہ کے ملزم کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی سی بی آئی نے کئی مقدمات میں اپنے بیانات سے انحراف کرنے والے گواہوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔