عدالت کے فیصلہ کے فوری بعد آر جے ڈی صدر گرفتار ، 3 جنوری کو سزا کی نوعیت کا اعلان
نئی دہلی۔ 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو بڑے جھٹکے میں آج ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے سابق چیف منسٹر بہار لالو پرساد یادو اور 15 دیگر کو چارہ اسکام کے ایک کیس میں مجرم قرار دیا جبکہ چھ دیگر ملزمین بشمول ایک اور سابق چیف منسٹر جگناتھ مشرا کو بردی کردیا گیا۔ 3 جنوری کو سزا کی نوعیت کا اعلان کیا جائے گا۔ سی بی آئی کے خصوصی جج شیوپال سنگھ نے پرہجوم کمرہ ٔعدالت میں فیصلہ کا اعلان کیا۔ لالو پرساد یادو ان 22 ملزمین کے منجملہ 5 ملزمین میں شامل ہیں جنہیں رانچی میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے خاطی پایا ہے۔ سال 1994ء اور 1996ء کے درمیان ضلع دیوگڑھ ٹریژری سے 84.5 لاکھ روپئے کو دھوکہ دہی کے ذریعہ حاصل کرنے کا کیس درج کیا گیا تھا۔ آر جے ڈی سربراہ کے بشمول تمام مجرمین کو عدالت کے فیصلے کے فوری بعد تحویل میں لیا گیا۔ سابق چیف منسٹر بہار جگناتھ مشرا کے بشمول ملزمین کو اس کیس سے بری کردیا گیا۔ قبل ازیں دن میں فیصلہ سنائے جانے سے قبل لالو پرساد یادو نے ملک کی عدالتوں کیلئے اپنے احترام اور عزت کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ہم عدلیہ پر بھروسہ رکھتے ہیں اور اس کا احترام کرتے ہیں۔ ہم بی جے پی کو سازش کرنے نہیں دیں گے۔ 2G کیس میں جس طرح کا راستہ اختیار کیا گیا تھا اور جس طرح آدرش اسکام میں اشوک چوان کیلئے راہ ہموار کی گئی تھی،
اسی طرح میرے لئے بھی یہی میدان تیار کیا جائے گا۔ آر جے ڈی سربراہ کو چارہ اسکام میں پانچ مقدمات کا سامنا ہے جن میں سے اب 3 مقدمات زیرالتواء ہیں۔ اکتوبر 2013ء میں چھے باسہ ٹریژری سے 3.75 کروڑ روپئے دھوکہ سے نکالنے کی پاداش میں پانچ سال کی جیل اور 25 لاکھ روپئے جرمانہ کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن ڈسمبر 2013ء میں سپریم کورٹ کی جانب سے انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ سال 2014ء میں جھارکھنڈ ہائیکورٹ کے سابق چیف منسٹر بہار کو چار زیرالتواء مقدمات میں حکم التواء جاری کیا تھا۔ ان کو اس طرح کے گواہوں اور ثبوت کی بنیاد پر ایسے میں مقدمات میں سے ایک مقدمہ میں کسی شخص کو خاطی قرار دیا نہیں دیا جاسکتا، تاہم جھارکھنڈ عدالت کے اس فیصلہ کو سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیا تھا جس کے بعد لالو پرساد یادو کے تمام کیسوں کو زیرالتواء رکھا گیا جن سے وہ ملزم بتائے گئے ہیں۔ جمعہ کے دن لالو پرساد یادو نے زور دے کر کہا تھا کہ چارہ اسکام میں فیصلہ کا آر جے ڈی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ آر جے ڈی کی قیادت اب ان کے فرزندان تیجسوی پرساد یادو اور تیج پرتاپ یادو کررہے ہیں۔ چارہ اسکام میں فیصلہ سے چند گھنٹوں قبل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے لالو پرساد یادو کی دختر میسا بھارتی کے خلاف ایک چارج شیٹ داخل کی ہے۔
ان کے مسئلہ پر تو بھی رقم کی منتقلی کیس میں ماخوذ کیا گیا ہے۔ کروڑوں روپے کے چارہ اسکام میں عدالت کے آج کے فیصلے سے پہلے راشٹریہ جنتا دل(آر جے ڈی)صدر لالو پرساد یادو نے حامیوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے ۔ لالو پرساد نے آج یہاں کہا،”مجھے ملک کی عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے اور امید ہے کہ چارہ اسکام کے باضابطہ معاملے 64اے /96میں انہیں انصاف ملے گا۔”انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا فیصلہ جو بھی ہو لیکن وہ بی جے پیکو ملک سے اکھاڑ کر رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پورے بہار اور ملک کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔وہیں آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر رگھوونش پرساد سنگھ نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ جو بھی ہو،اس کا آر جے ڈی پر کوئی بھی اثر نہیں پڑے گا اور ان کی پارٹی بی جے پی کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔رگھوونش پرساد نے کہا کہ ملک کے عدالتی نظام پر انہیں پورا بھروسہ ہے ۔لالو یادو لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں اور جمہوریت میں عوام ہی مالک ہوتے ہیں۔جتنی بار آرجے ڈی پر حملہ ہواہے پارٹی اور بھی مضبوط ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوری پارٹی متحد ہے اور عدالت کے فیصلے سے پارٹی کے اتحاد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔