پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال، فائرنگ سے دو ہلاک

اسلام آباد ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی قومی ایئر لائن کو خانگیانے کے خلاف ہڑتال کے اعلان کے موقعے پر کراچی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پی آئی اے کے دو ملازمین زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ہڑتال کی کال پر پی آئی اے کے ملازمین نے فضائی آپریشنز بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اس ہڑتال میں انجینیئرنگ ڈپارٹمنٹ بھی شامل ہے جس کے باعث جہازوں کا شیڈول متاثر ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ منگل کو پی آئی اے کے ملازمین نے کارگو ٹرمینل سے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی جانب مارچ کی تاہم سکیورٹی فورسز نے انھیں ایئر پورٹ سے پہلے ہی روک لیا۔ ڈنڈوں سے لیس رینجرز نے مظاہرین کو آگے نہ بڑھنے کی تنبیہ کی تاہم مظاہرین حصار توڑ کر آگے بڑھ گئے۔ اس موقعے پر آپی توپ بھی استعمال کی گئی اور حالات اس وقت مزید خراب ہو گئے جب ہجوم پر فائرنگ کی گئی جس کے باعث پی آئی اے کے دو ملازمین زخمی ہوئے۔ ان زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے ایک فوت ہوگیا۔ آغا خان ہاسپٹل کے ترجمان نے مقتول کا نام تو ظاہر نہیں کیا تاہم صرف اتنا بتایا ہے کہ زخمی جب ہاسپٹل پہنچا تو فوت ہو چکا تھا جبکہ دوسرا زخمی آپریشن کے دوران جانبر نہ ہوسکا۔

خاتون فلائیٹ اٹینڈنٹس میں
ہاتھا پائی ،طیارہ کا رخ موڑ دیا گیا
شکاگو ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے۔ امریکہ کی ڈیلٹا ایرلائنس کا بوئنگ طیارہ اپنی پرواز پر تھا کہ اچانک دو خاتون فلائیٹ اٹینڈنٹس کے درمیان کام کی ذمہ داریوں کو لیکر پہلے بحث و تکرار ہوئی اور بعدازاں دونوں ایک دوسرے سے دست و گربیاں ہوگئیں۔ طیارہ اس وقت فضاء میں تھا اور لاس اینجلس سے منیا پولیس جارہا تھا۔ حالات کو دیکھتے ہوئے پائلٹ نے طیارہ کا رخ سالٹ لیک سٹی کی جانب موڑ دیا اور ٹریفک کنٹرول کو اس کے بارے میں مطلع کردیا۔ خاتون فلائیٹ اٹینڈنٹس کام کے بارے میں ایک دوسرے سے الجھ گئی تھیں اور جب تیسری نے دونوں کے درمیان صلح کروانے کی کوشش کی تو اسے بھی زدوکوب کیا گیا۔ اسی دوران مسافرین تماشا دیکھتے رہے۔ پائلٹ نے سالٹ لیک سٹی کے رن وے پر بحفاظت طیارہ لینڈ کردیا۔ ایک مسافر نے بتایا کہ تین خواتین کو بدسلوکی کے الزام میں طیارہ سے ہٹا لیا گیا۔ تقریباً سوا گھنٹے بعد طیارہ نے سالٹ لیک سٹی سے دوبارہ اڑان بھری اور 75 منٹ کی تاخیر سے اپنی منزل مقصود منیا پولیس پہنچ گیا۔