پیاز کی قیمتوں میں تیزی سے کمی لسان گاؤں منڈی میں سربراہی بہتر۔ 25 روپئے فی کیلو

نئی دہلی 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے لسال گاؤں میں پیاز کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی ہے۔ یہ منڈی ایشیا کی سب سے بڑی مارکٹ ہے جہاں پیاز کی فروخت بڑے پیمانہ پر ہوتی ہے۔ باورچی خانہ کی سب سے اہم شئے پیاز کی قیمت میں گزشتہ ہفتہ 30 تا 35 روپئے فی کیلو گرام اضافہ ہوا تھا لیکن اب یہ قیمت گھٹ کر 25 روپئے فی کیلو گرام ہوئی ہے۔ یہاں پیاز کی سپلائی میں تیزی آرہی ہے۔ لسال گاؤں منڈی کی قیمت نے سارے ملک کو یہ اشارہ دیا ہے کہ اب پیاز کی قیمتیں کم ہوں گی اور تاجروں کو اس مارکٹ پر قریبی نظر رکھنی پڑے گی۔ سرکاری ڈیٹا کے مطابق پیاز کی آمد میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 4 تا 5 تجارتی و کاروباری ایام میں پیاز کی فروخت بڑھی تھی۔ لسال گاؤں منڈی میں آج پیاز کا ذخیرہ 22 ہزار کنٹل تھا جبکہ 22 نومبر کو 8000 کنٹل ہی ذخیرہ دیکھا گیا۔ دیگر ریاستوں جیسے راجستھان اور مدھیہ پردیش میں بھی پیاز کی سربراہی میں بہتری آئی ہے اس کی وجہ سے پیاز کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ پیاز کی نئی خریف فصل آنے کو ہے، اس سال پیاز کی پیداوار خاطر خواہ ہونے کی توقع ہے۔