پٹھان کوٹ میں ہند۔پاک سرحد پر درانداز کو گولی مار دی گئی

بین الاقوامی سرحد کو توڑنے کی کوشش بی ایس ایف نے ناکام بنا دی، 2 جنوری کے حملہ کے پس منظر میں واقعہ کو اہمیت

گرداسپور (پنجاب) ، 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف نے ایک 30 سالہ درانداز کو آج ابتدائی ساعتوں میں ہند۔پاک سرحد کے قریبی علاقہ پٹھان کوٹ میں گولی مار کر ہلاک کردیا، جہاں سکیورٹی فورس فضائیہ کے اڈہ پر 2 جنوری کے دہشت گردانہ حملہ کے پیش نظر نہایت چوکس ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ بارڈر سکیورٹی فورس کی بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے پاس متعین ٹیم نے صبح میں بامیال کے تاش علاقہ کے قریب کم از کم تین دراندازوں کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی اور سرحد کو توڑنے کی اُن کی کوشش کو ناکام بنانے کی خاطر جوانوں نے فائرنگ کردی۔ انھوں نے کہا کہ ایک درانداز کو صبح تقریباً 6 بجے ہندوستانی سمت آئی بی کے لگ بھگ 5 تا 10 میٹر اندرون گھس آنے پر ہلاک کردیا گیا۔ اس 30 سالہ شخص کے ہمراہ دو دیگر افراد تھے جو واپس فرار ہوگئے۔

یہ علاقہ جہاں آج کا واقعہ پیش آیا، تاش کہلاتا ہے اور پٹھان کوٹ کے بامیال سے تقریباً 5 کیلومیٹر کے فاصلے پر گرداسپور سیکٹر میں واقع ہے۔ بی ایس ایف دستوں نے وہاں سے نعش برآمد کرلی ہے اور ایک چٹھی بھی ملی جس پر کچھ اُردو تحریر ہے۔ مہلوک کے پاس سے مزید کچھ برآمد نہیں ہوا۔ عہدیداروں نے کہا کہ دراندازوں کی کوششیں صبح کے مخصوص وقت ہونے لگی ہیں جب فلڈلائٹس بند کی جاتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ علاقہ جہاں سے دراندازی کی کوشش ہوئی، وہ مقام ہے جہاں سرحدی باڑھ سیلاب کے نتیجے میں ٹوٹ چکی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ تب پیش آیا جب دراندازوں کو دیکھ کر انھیں کچھ دیر تک خودسپردگی کا موقع دیا گیا اور پھر بارڈر گارڈز نے فائر کئے۔ یہ واقعہ بین الاقوامی سرحد کو توڑنے کی منصوبہ بند کوشش معلوم ہوتا ہے۔ اتفاق سے بامیال وہی علاقہ ہے جہاں سے عمومی شبہ ہے کہ پاکستان سے وہ دہشت گرد اس ملک میں گھس آئے تھے جنھوں نے پٹھان کوٹ میں آئی اے ایف بیس پر حملے کا ارتکاب کیا۔ آج کی کارروائی 132 ویں بی ایس ایف بٹالین کے ایک جوان نے انجام دی۔ گرداسپور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) این کے مشرا اور اس علاقہ میں متعین 132 ویں بٹالین کے کمانڈنٹ ایس ایس دابس کا بی ایس ایف نے حال ہی میں تبادلہ کرتے ہوئے ایسے ممکنہ نقائص کا جائزہ لینے کیلئے کورٹ آف انکوائری کا حکم دیا تھا جن کے نتیجے میں پٹھان کوٹ حملہ پیش آیا، جس میں سات سکیورٹی ملازمین ہلاک ہوئے۔ اس واقعہ میں چھ دہشت گردوں کو گولی مار دی گئی تھی۔

وزیراعظم کے دورۂ ڈاؤس پر وضاحت
نئی دہلی 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج یہ وضاحت کی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا عالمی معاشی فورم اجلاس میں شرکت کیلئے ڈاوس کے دورہ کیلئے کوئی پروگرام مقرر نہیں ہے اور ان اطلاعات کو شرانگیز قرار دیا کہ وہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کو ٹالنے کیلئے اپنے دورہ کو منسوخ کردیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ ڈاوس کا کوئی شیڈول نہیں ہے تو منسوخ کا سوال کیونکر پیدا ہوتا ہے۔