پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے حکومت ذمہ دار

نئی دہلی ۔4 ستمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ پر این ڈی اے حکومت کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ یہ حد سے زیادہ ٹیکسوں کے سبب ہورہاہے ۔ سلسلہ وار ٹوئیٹس میں سابق وزیر فینانس نے مطالبہ بھی کیا کہ پٹرول اور ڈیزل کو فوری طورپر جی ایس ٹی کے تحت لایا جائے ۔ انھوں نے کہاکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ناگزیر نہیں ہے کیونکہ قیمت کا تعین پٹرول اور ڈیزل پر اضافی ٹیکسوں کے ذریعہ ہوتا ہے ۔ اگر ٹیکسیس میں کٹوتی کی جاتی ہے تو قیمتیں قابل لحاظ حد تک گھٹ جائیں گی ۔ چدمبرم نے کہاکہ مرکزی حکومت اس معاملے میں ریاستوں کو مورد الزام ٹھہرارہی ہے ۔ بی جے پی شاید فراموش کررہی ہے کہ بی جے پی کی 19 ریاستوں میں حکمرانی ہے۔ مرکز اور ریاستوں کو مل جل کر عمل کرنا ہوگا اور پٹرول و ڈیزل کو جی ایس ٹی کے تحت لانا چاہئے ۔ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی کے دائرہ میں فوری طورپر لایا جائے۔ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں پیر کو اپنی اعلیٰ ترین سطحوں تک پہنچ گئی کیونکہ روپئے کی قدر میں گراوٹ آئی اور خام تیل کی شرحوں میں کافی اضافہ ہوگیا۔