پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر اضافہ

نئی دہلی ۔ 7اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایندھن پر اکسائز ڈیوٹی میں کمی اور عوامی شعبہ کی کمپنیوں کی طرف سے قیمت میں معمولی کٹوتی کے ایک دن بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پھر اضافہ ہوگیا جس کے ساتھ ہی قیمتیں تین ہفتوں کے دوران سب سے اعلیٰ ترین سطح پر پہنچ گئیں ۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 5اکٹوبر کو 2.50 روپئے کی اقل ترین تخفیف کی گئی تھی ‘ حکومت کی طرف سے اکسائز ڈیوٹی میں دوسری مرتبہ 1.50 روپئے فی لیٹر کی کٹوتی کی گئی تھی ۔ تیل سربراہ کرنے والی سرکاری شعبہ کی کمپنیوں نے ایک روپئے فی لیٹر کی راحت دی تھی ۔ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں زائد شرح پر کٹوتی ہوئی تھی کیونکہ ریاستی حکومتوں نے مقامی سیلس ٹیکس یا ویاٹ پر ایسی ہی کٹوتی کی تھی لیکن دوسرے ہی دن سے ان قیمتوں میں مزید اضافہ ہونے لگا ۔ پٹرول کی قیمت میں 6اکٹوبر کو 18پیسے اور اتوار کو 14پیسے فی لیٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ اس طرح ڈیزَ کی قیمت میں ہفتہ کو 29پیسے اور اتوار کو اس سے مساویانہ اضافہ ہوا ہے ۔