پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ

دونوںایندھن کی قیمتیں ہر روز ایک نیا ریکارڈ بنارہی ہیں
نئی دہلی، 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کولکاتہ سمیت ملک کے کئی حصوں میں چہارشنبہ کو پٹرول کی قیمت ریکارڈ بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا اور اس کی قیمت بھی نئے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ملک کی سب سے بڑی تیل مارکٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق، چار میٹروز دہلی، کولکتہ، ممبئی اور چنائی میں پٹرول کی قیمت آج 13 سے 15 پیسے فی لیٹر کے درمیان بڑھائی گئی۔ کولکتہ میں یہ 13 پیسے مہنگا ہوکر 81.11 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا جو اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے ۔ اس سے پہلے مغربی بنگال کے دارالحکومت میں سب سے اونچی سطح اس سال 29 مئی کو 81.06 روپے فی لیٹر رہی تھی۔دہلی اور ممبئی میں بھی پٹرول کی قیمت 13-13 پیسے بڑھ کر بالترتیب 78.18 روپے اور 85.60 روپے فی لیٹر ہو گئے ہیں۔ دہلی میں 29 مئی کو پٹرول 78.43 کی قیمت روپے اور ممبئی میں 86.24 روپے فی لیٹر رہی تھی۔ڈیزل کے دام چار میٹروپولٹین سٹی میں 14 سے 17 پیسے فی لیٹر تک بڑھائے گئے ۔ ہر دن کے اضافہ کے ساتھ اس کی قیمت نئے ریکارڈ بنا رہی ہے ۔دہلی اور کولکتہ میں ڈیزل کے دام 14-14 پیسے بڑھ کر بالترتیب 69.75 روپے اور 72.60 روپے فی لیٹر پر پہنچ گئے ۔ ممبئی میں یہ 15 پیسے مہنگا ہوکر 74.05 روپے فی لیٹر پر اور چنائی میں 17 پیسے کے اضافہ کے ساتھ 73.71 روپے فی لیٹر پر رہا۔