تارکین وطن اور گرین ہولڈرس پر امتناع کا ردعمل ‘ ایئرپرٹس پر لاکھوں افراد کا احتجاج‘ وکلاء کے رضاکارانہ قانونی مشورے
نیویارک ۔ 29جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پورے امریکہ کے ایئرپورٹس پر لاکھوں افراد جمع ہوگئے تاکہ تارکین وطن کے سفر پر صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے امتناع کے خلاف احتجاج کیا جاسکے اور متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جاسکے ‘ جب کہ امریکہ آنے والے افراد پر خوف طاری ہوگیا ہے ۔ تارکین وطن پر امتناع کی خبر عام ہوتے ہی کہ گرین کارڈ ہولڈرس تارکین وطن پر بھی امتناع کے یہ احکام لاگو ہوں گے ‘ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔سات مسلم غالب آبادی والے ممالک کے شہریوں کی امریکہ میں آمد پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ‘ کئی گھنٹوں تک عوام کا ہجوم آمد کے حصہ میں کھڑا ہوکر نعرہ بازی کررہا تھا ۔ جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نیویارک کا مصروف ترین ایئرپورٹ ہے ۔ یہاں پر بھی تارکین وطن کی آمد پر عائدامتناع کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ شام کے پناہ گزینوں کو اس امتناع سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ ایران ‘ عراق ‘ لیبیا ‘ صومالیہ ‘ سوڈان ‘ شام اور یمن کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر امتناع عائد کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں گرین کارڈ ہولڈرس پر بھی امتناع کے احکام عائد ہونے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس امتناع سے کئی افراد متاثر ہوں گے جن کے پاس امریکہ کے کارآمد ویزے اور گرین کارڈس ہیں جو ملازمت کیلئے دیگر ممالک سے نقل مقام کر کے امریکہ آئے ہیں ‘ ایسے افراد کی اکثریت بوسٹن ‘ لاس اینجلس اور ہوسٹن میں قیام پذیر ہیں ‘ بے بس افراد جن کے ارکان خاندان ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے ہیں اور جنہیں امریکہ کی پروازوں میں داخلے کی اجازت نہیںمل رہی ہے ‘ سماجی ذرائع ابلاغ پر اپنے غم و غصہ اور مایوسی کا اظہار کررہے ہیں ۔ وکلاء نے ملک کے ایئرپورٹس پر جمع ہوکر احتجاجیوں کو قانونی مشورہ دینا شروع کردیا ہے ۔ افراد اور ان کے ارکان خاندان کو ایئرپورٹس پر ہی حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے قانون داں گرفتار شدہ ارکان خاندان کو ایئرپورٹس پر ہی مشورے دے رہے ہیں ۔ یہ وکلاء ایئرپورٹ کے آمدکے شعبہ میں فرش پر بیٹھے ہوئے ہیں اور وہ حبس بیجا کی درخواستیں جے ایف کے ایئرپورٹ زیرحراست افراد کی جانب سے تیار کررہے ہیں ۔ امریکی شہری آزادی یونین کے قومی شعبہ نے ٹوئیٹر پرکہا کہ کئی وکلاء پورے امریکہ میں ایئرپورٹس پر موجود ہیں ۔
ٹرمپ کا اقدام ناجائز : میرکیل
برلن ۔ 29جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چانسلر جرمنی انجیلا میرکیل نے آج صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی تارکین وطن پر عائد تحدیدات کو ناجائز قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ضروری پختہ ارادہ کے ذریعہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی جاسکتی ہے ۔ عوام پر چاہے وہ کسی بھی ملک کے شہری یا کسی بھی مذہب کے پیرو ہوں تحدیدات عائد کرنا ناجائز ہیں ۔ ان کے ترجمان اسٹیفن سی برٹ نے انجیلا میرکیل کے حوالہ سے یہ اطلاع دی ۔ میرکیل نے کہا کہ ہر شہری مشتبہ دہشت گرد نہیں ہوتا۔