ممبئی برانچ کیس کے بعد اسٹاک مارکٹ میں بینک کو بڑا نقصان
ممبئی ؍ نئی دہلی ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب نیشنل بینک نے آج کہا کہ بینک نے اپنی ممبئی برانچ میں زائد 11,300 کروڑ روپئے کے دھوکہ دہی والے لین دین کا پتہ چلایا ہے۔ اس کے نتیجہ میں شیئر مارکٹ میں بینک کو زبردست نقصان اٹھانا پڑا کیونکہ اس کے حصص کی قیمت 9.8 فیصد گر گئی ہے۔ فراڈ والی معاملت کی رقم بینک کی جملہ مارکٹ قدر 36000 کروڑ روپئے کے لگ بھگ ایک تہائی حصہ کے مساوی ہے۔ یہ بینک کے مالی سال 2017ء کے خالص نفع 1,324 کروڑ کا 8 گنا بھی ہوتا ہے۔ حصص کی قیمت میں تیزی سے گراوٹ کے نتیجہ میں سرمایہ کاروں کو ایک دن میں 3,844 کروڑ روپئے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔