کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا پیرکوملک سے ہندوستان لوٹ آئیں۔ وہ اپنی بیٹی کا علاج کرانے کے لئے امریکہ گئی تھیں۔ پہلے وہ یکم فروری کولوٹنے والی تھیں، لیکن علاج میں مزید وقت لگنے کے سبب ان کے آنے میں تاخیرہوئی۔ بتادیں کہ پرینکا گاندھی کو مشرقی اترپردیش کا جنرل سکریٹری بنایا گیا ہے۔
وطن لوٹنے کے بعد پرینکا گاندھی نے کانگریس صدرراہل گاندھی سے ان کے تغلق روڈ واقع رہائش گاہ پرملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ پرینکا گاندھی نے پارٹی کے کئی دیگربڑے لیڈروں سے بھی ملاقات کی اوراترپردیش کی حکمت عملی کولے غوروخوض کیا۔ اس دوران مغربی اترپردیش کے جنرل سکریٹری جیوتی ادتیہ سندھیا بھی موجود تھے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کوکانگریس جنرل سکریٹریوں اورالگ الگ ریاستوں کے انچارج کی میٹنگ میں پرینکا بھی شامل ہوں گی۔ یہ میٹنگ آئندہ لوک سبھا الیکشن کی حکمت عملی پرغورکرنے کے لئے بلائی گئی ہے۔ راہل گاندھی نے ہفتہ کوبھی کانگریس صدوراورکانگریس قانون سازپارٹی کے لیڈروں کی میٹنگ بلائی تھی، جس میں عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔
پرینکا گاندھی کو 23 جنوری کو کانگریس جنرل سکریٹری بنائے جانے کا اعلان ہوا تھا۔ ان کے سرگرم سیاست میں آنے سے کانگریس کو اترپردیش میں اچھی کارکردگی کی امید ہے۔ حال میں کانگریس کے پاس اترپردیش میں لوک سبھا کی 80 میں سے صرف دو سیٹیں ہی ہیں۔ مانا جارہا ہے کہ پرینکا رائے بریلی سیٹ سے لوک سبھا الیکشن لڑسکتی ہیں۔ وہ کئی باراس سیٹ پراپنی ماں سونیا گاندھی کی انتخابی تشہیرکی کمان سنبھال چکی ہیں۔
طویل وقت سے پرینکا گاندھی کو سرگرم سیاست میں لانے کا مطالبہ کیاجارہا تھا۔ کانگریس کارکنان اورلیڈروں کا طویل وقت سے مطالبہ تھا کہ پرینکا گاندھی کوسرگرم سیاست میں اتارا جائے۔ اس کے لئے پارٹی کارکنان نے پارٹی ہائی کمان کوکئی بارخط لکھ کرمطالبہ بھی کیا تھا۔ آخرکارراہل گاندھی نے انہیں سرگرم سیاست میں لاکرلیڈران اورکارکنان کے مطالبات کوعملی جامہ پہنا دیا ہے۔