عدالت میں حاضری سے قاصر ، دواخانہ میں شرکت مختصر مدت کیلئے ہوگی
بھوپال ؍ ممبئی 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر جنھیں ممبئی کی ایک عدالت میں آج پیش ہونا تھا، یہ حاضری 2008 ء کے مالیگاؤں دھماکے مقدمہ کے سلسلہ میں اور جاریہ ہفتہ میں دوسری مرتبہ ہوتی۔ اُن کے وکیل نے عدالت سے کہاکہ وہ بلڈ پریشر میں مبتلا ہیں اور بھوپال سے ممبئی تک سفر کرنے سے قاصر ہیں۔ اُنھیں پیٹ کے درد کی شکایت پر مختصر مدت کے لئے دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے اور اُنھیں جمعرات کی صبح ڈسچارج کیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے اُنھیں سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ اُنھیں چہارشنبہ کی رات دواخانہ میں شریک کیا گیا تھا۔ اُن کے وکیل نے کہاکہ وہ (پرگیہ سنگھ) کی طبیعت ناساز ہے۔ اُنھیں پیٹ کے درد کی شکایت پر بھوپال کے دواخانہ میں شریک کیاگیا تھا۔ اُنھیں انجیکشن کے ذریعہ دوائیں دی گئیں اور آج صبح اُنھیں دواخانہ سے ڈسچارج کیا گیا۔ وہ پارٹی کی درخواست پر اُس کی ایک تقریب میں ڈسچارج ہونے کے بعد شرکت کرنا چاہتی تھیں لیکن ڈاکٹرس نے منع کردیا۔ خصوصی عدالت نے اُنھیں شخصی طور پر حاضری کے لئے سمن جاری کیا تھا جس پر اُن کے وکیل نے شخصی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی تاکہ وہ بحیثیت رکن پارلیمنٹ اپنی ذمہ داریاں ادا کرسکیں۔ لیکن عدالت نے اُن کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہاکہ مقدمے کے موجودہ مرحلہ میں اُن کی شخصی طور پر حاضری ضروری ہے
اور اُنھیں ہفتے میں ایک بار شخصی طور پر حاضر رہنے کی ہدایت دی۔ شخصی حاضری سے صرف ایک دن کے لئے استثنیٰ دیا گیا اور اُنھیں ہدایت دی گئی کہ جمعہ کے دن عدالت کے اجلاس پر حاضر رہیں۔ ملزم کو اندیشہ ہے کہ شخصی حاضری سے استثنیٰ نہ دینے کی صورت میں اُن کے مقدمہ میں کئی پیچیدگیاں پیدا ہوجائیں گی۔ قبل ازیں اُنھیں 30 جون سے پہلے عدالت میں شخصی طور پر حاضری کی ہدایت دی گئی تھی بعدازاں حاضری کی تاریخ کا تعین کیا گیا۔ جج نے کہاکہ یہ عدالت کے دائرہ کار سے باہر ہے۔ اِس بات کی جانچ کرے کہ ملزم کو سفر کرنے کے لئے ٹکٹ مل رہا ہے یا نہیں۔ جس بنیاد پر استثنیٰ کی درخواست پیش کی گئی ہے اُس کی وجوہات استثنیٰ کے لئے واجبی نہیں ہیں۔ ملزم کو چاہئے تھا کہ اپنی حاضری کے راستے میں حائل تمام رکاوٹیں پہلے ہی دور کرلی جاتیں اور اِس بات کو یقینی بنایا جاتا کہ وہ مقررہ تاریخ پر مقدمے کی سماعت کے لئے شخصی طور پر عدالت کے اجلاس پر حاضر رہیں۔