پرانے شہر میں میٹرو ریل کاموں کا جلد آغاز: کے ٹی آر

چارمینار پیدل راہرو پراجیکٹ کی جلد تکمیل ہوگی، نئے شہر کی طرز پر پرانے شہر میں سہولتیں، سٹیزن سرویس سنٹر اور بستی دواخانے قائم ہوں گے
وزیر بلدی نظم و نسق کا اسمبلی میں بیان

حیدرآباد۔23 مارچ (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقی کے ٹی راما رائو نے کہا کہ پرانے شہر میں طئے شدہ پلان کے مطابق میٹرو ریل کے کاموں کا جلد آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی بس اسٹیشن تا مہاتما گاندھی بس اسٹیشن روٹ پر تعمیراتی کام جاریہ سال کے اختتام تک شروع ہوگا جبکہ میاں پور تا ایل بی نگر لائین کا کام جون/ جولائی میں شروع کیا جائے گا۔ کے ٹی راما رائو آج تلنگانہ اسمبلی میں محکمہ بلدی نظم و نسق کے مطالبات زر پر مباحث کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چارمینار پیدل راہرو پراجیکٹ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کو دیگر علاقوں کے مساوی ترقی دی جائے گی اور عوام کو تمام تر بنیادی سہولتیں حاصل ہوں گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی طرز کے شہر کی حیثیت سے ترقی کے لیے حکومت نے جامع منصوبہ تیار کیا ہے اور اس سلسلہ میں فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہری علاقوں میں سٹیزنس سرویس سنٹر قائم کیے جائیں گے جہاں مختلف نوعیت کی خدمات عوام کے لیے دستیاب رہیں گی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بانڈس فروخت کرتے ہوئے شہر کی ترقی سے متعلقہ ایس آر ڈی پی پراجیکٹ پر عمل کرے گا جس کے تحت سڑکیں اور فلائی اوورس تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں مسائل ضرور ہیں لیکن حکومت ان کی یکسوئی اور شہر کی ہمہ جہت ترقی کے لیے عہد کی پابند ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں حیدرآباد مرکزی حکومت کے سروے میں سرفہرست رہا ہے۔ گزشتہ تین برسوں سے حیدرآباد میں برقی اور پانی کی موثر سربراہی کے علاوہ امن و ضبط کی صورتحال کو قابو میں رکھا گیا اور عوام پرامن زندگی گزاررہے ہیں۔ بنیادی سہولتوں کی ترقی اور صنعتوں کے فروغ کے ذریعہ حیدرآباد کو عالمی شہر کا درجہ دیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر پر قائم ہے اور اس وعدے کو بہرصورت پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایل ای ڈی لائٹس کے استعمال سے 35 کروڑ روپئے کی بچت ہوئی ہے۔ 230 کروڑ روپئے سے شہر میں نالوں کی تعمیر و توسیع کا کام انجام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 26 ماڈل مارکٹس کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ موسی ندی کی صفائی کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کی طرز پر حیدرآباد میں 18 بستی دواخانے قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ میر پیٹ میں 10 ٹی ایم سی گنجائش والا ذخیرہ آب تعمیر کیا جارہا ہے جس کے لیے ٹینڈرس طلب کیے گئے ہیں۔ ایرپورٹ کو شہر سے جوڑنے کے لیے 400 کروڑروپئے خرچ کیے جارہے ہیں۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ ایچ ایم ڈی اے کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ حکومت تلنگانہ کے تمام شہروں کی ترقی کے لیے ماسٹر پلان تیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے سلسلہ میں پینالٹی برقرار رہے گی۔ اسے ختم کرنے سے ایسے افراد پر اثر پڑے گا جو پابندی سے ٹیکس ادا کررہے ہیں۔ ملک میں بہتر قیام کی سہولتوں کے اعتبار سے حیدرآباد کو مسلسل چوتھی مرتبہ پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 2 لاکھ 65 ہزار ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کیے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے اس تعداد کو بڑھاکر 3 لاکھ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں پانی کی موثر سربراہی کے ذریعہ ہر سال خالی گھڑوں کے ساتھ احتجاج کی روایت ختم ہوئی ہے۔ حیدرآباد میں آئی ٹی کمپنیاں اور صنعتی ادارے سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4650 کروڑ روپئے کے خرچ سے شمس آباد ایرپورٹ کو اکسپریس کنکٹیوٹی سے لیس کیا جائے گا۔ دو سال میں یہ پراجیکٹ مکمل ہوگا۔ ناگول تا میاں پور اور ایل بی نگر تا شلپارامم میٹرو ریل کے کاموں کا جلد آغاز عمل میں آئے گا۔