پاکستان کو پاک نہیں ناپاک کہا جائے

مرکزی وزیر اقلیتی بہبود مختار عباس نقوی کا ریمارک
چینائی 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی بہبود مختار عباس نقوی نے آج پاکستان کو ’’ناپاک‘‘ قرار دیا ہے۔ اس ملک کو دہشت گردی کی فیاکٹری سے تعبیر کیا ہے جس کے باعث عالمی امن کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان، اب پاک نہیں ناپاک ہوگیا ہے کیوں کہ دہشت گردی کے ساتھ پاکستان کا ناپاک اتحاد قائم ہوگیا ہے اور عسکریت پسند گروپوں کی سرپرستی کی وجہ سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان اب پاک نہیں ناپاک ہوگیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان آج عالمی برادری میں اچھوت ہوگیا ہے اور کوئی ملک اس کی تائید کے لئے آمادہ نہیں ہے کیوں کہ پاکستان کے گھناؤنے عزائم آشکار ہوگئے ہیں۔ مرکزی وزیر نے خبردار کیاکہ اگر پاکستان دہشت گردوں کی سرپرستی سے باز نہیں آئے گا تو اُسے سنگین عواقب و نتائج بھگتنے پڑیں گے۔ انھوں نے کہاکہ اقوام عالم کو یہ محسوس ہوگیا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی سرپرستی اور محفوظ پناہ فراہم کررہا ہے جس کے باعث نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی امن اور انسانیت کے لئے خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کوئی بھی ملک پڑوسی کے گھناؤنے عزائم اور سازشوں کو برداشت نہیں کرسکتا ہے۔ فی الحال ہم ، دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ تاہم انھوں نے یہ ادعا کیاکہ ہمارا ملک، وزیراعظم نریندر مودی جوکہ ایک کٹر قوم پرست ہیں کے ہاتھوں محفوظ ہے اور قوم دشمن عناصر کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں مسئلہ کشمیر اٹھاتے ہوئے حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی تعریف و ستائش کی تھی جنھیں سکیوریٹی فورسیس نے 8 جولائی کو انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا۔