دہشت گردی کی مذمت‘ شہید سپاہیوں کی خاندانوں سے اظہار تعزیت’ : غلام نبی آزاد
نئی دہلی ۔ 4 ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے پٹھان کوٹ دہشت گرد حملہ کے تناظر میں پاکستان کے تئیں این ڈی اے حکومت کے مجہول پالیسیوں پر آج سخت تنقید کی اور کہا کہ مرکز کو اسلام آباد کے تئیں اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کرنا چاہئے۔ غلام نبی آزاد نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ ’’این ڈی اے کی پاکستان کے تعلق سے مجہول اور کمزور خارجہ پالیسی پر تبصرہ کے لئے اگرچہ یہ وقت مناسب نہیں ہے کیونکہ ہمارے سیکوریٹی فورسیس سرحد پار سے ہندوستان کے دشمنوں کی طرف سے کئے گئے دہشت گرد حملے کے خلاف ہنوز نبرد آزما ہیں ۔ لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ این ڈی اے کی طرف سے پاکستان کے تعلق سے اختیار کردہ کمزور مجہول پالیسی پر نظرثانی کی جائے ‘‘۔ پنجاب کے پٹھان کوٹ میں واقع انڈین ایر فورسیس کے اڈہ پر پاکستان کے تائیدی انتہائی وحشیانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے پڑوسی ملک اور اس کی جانب سے دہشت گردی کی سرپرستی کی سخت مذمت کی ۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ اور بہیمانہ حملے ‘ دہشت گردی پھیلانے والے نٹورکس کے ناپاک منصوبوں کی سرکوبی کے لئے ہمارے قومی عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔ غلام نبی آزاد نے جو راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر بھی ہیں کہا کہ’’ یہ امن و انسانیت کے ان دشمنوں کی بزدلانہ حرکت ہے ۔ جنہیں پاکستانی سرزمین سے مدد حاصل ہو رہی ہے اور ہمارے سیکوریٹی فورسیس ایسے حملوں کا منہ توڑ جواب دینے کے بھرپور اہلیت و صلاحیت رکھتے ہیں۔ مہلوک سپاہیوں کے افراد خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہاکہ قوم کی خاطر جان قربان کرنے والے بہادر سپاہیوں کی شہادت پر سارا ملک سوگ منا رہا ہے ۔ غم و اندوہ کی اس گھڑی میں بھی غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہوں ‘‘ آزاد نے اس خوفناک دہشت گرد حملے میں زخمی سپاہیوں اور ان کے افراد خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عاجلانہ صحتیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔