پاکستان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا: ڈاکٹر نرمل سنگھ

سرحدوں پر تعینات فوج منہ توڑ جواب دے رہی ہے
جموں۔ 30جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ پاکستان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات فوجی اہلکار پاکستانی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔نرمل سنگھ نے آج یہاں قانون ساز اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہپاکستان کے امن اقدامات پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات ہمارے سیکورٹی فورس اہلکار پاکستانی حرکتوں کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔شوپیان کے فائرنگ واقعہ میں فوج کے خلاف درج ہوئی ایف آئی آر پر ڈاکٹر نرمل نے کہا کہکسی کو بھی فوج کے حوصلے پست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان کی جانب سے منگل کی صبح ضلع راجوری میں ایل او سی کے نوشہرہ سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے گولہ باری کے اس واقعہ پر کہا کہ نوشہرہ سیکٹر میں بہت گولہ باری ہورہی ہے اور ہم نے انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دیدی ہے۔ انہوں نے پاکستان پر لفظی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سمجھنا چاہیے جو شروعات کرتا ہے ۔ ایک طرف پاکستان بین الاقوامی سرحد پر (بی ایس ایف کے ساتھ) بات چیت کرتا ہے اور دوسری طرف سویلین علاقوں کو نشانہ بناتا ہے ۔ وہ ہمارے سویلین علاقوں کو نشانہ بناکر معصوم لوگوں کو مار رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چیف سکریٹری سے کہا ہے کہ ایک اعلیٰ سطحی ٹیم وہاں بھیجی جائے اور سرحدی آبادی کے مسائل کے بارے میں آگاہی حاصل کی جائے ۔ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ سرحدی گولہ باری کے متاثرین کو معقول امداد دی جارہی ہے ۔