لاہور ۔ /29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز 3-0 سے جیت لی ۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے احیاء کی بھی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ تیسرے اور فائنل میچ میں جو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا پاکستان نے 36 رنز سے باآسانی کامیابی حاصل کرلی ۔ مارچ 2009 ء میں سری لنکا ٹیم کی بس پر یہیں حملہ کیا گیا تھا اور اس کے بعد پہلی مرتبہ سری لنکا کی ٹیم انٹرنیشنل میچ مقابلے کیلئے یہاں پہونچی ۔ اس حملے میں 8 افراد ہلاک اور 7 سری لنکا کے کھلاڑی و اسٹاف زخمی ہوگئے تھے ۔ اس حملے کے بعد پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ معطل کرنا پڑا اور تمام مقابلے یو اے ای میں منعقد کئے جارہے تھے ۔ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے صدرنشین نجم سیٹھی نے آج کے اس میاچ کو تاریخی قرار دیا ۔ سری لنکا کرکٹ صدر تھیلاناگ سماتھی پالا نے کہا کہ ان کا بورڈ پاکستان کو یکا و تنہا ہونے نہیں دے گا ۔ قذافی اسٹیڈیم میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے اور شایقین کی کثیر تعداد یہاں موجود تھی ۔انہوں نے سری لنکا کی ٹیم کا زبردست خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے پڑھے گئے ۔