پاکستان میں اچانک سیلاب ‘ 33افراد ہلاک

17 افراد لاپتہ‘ 82مکان منہدم ‘ راحت رسانی اور بچاؤ کیلئے انتظامیہ سے ربط برقرار
پشاور ۔ 3جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کم از کم 33افراد بشمول 8پاکستانی فوجی آج ہلاک ہوگئے جب کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے افغانستان کی سرحد سے متصل پاکستانی صوبہ خیبرپختونخواہ میں زبردست سیلاب  آگیا ۔ بارش اور آندھی طوفان کی وجہ سے 30مکان منہدم ہوگئے ۔ بارش کا آغاز کل رات دیر گئے ہوا تھا اور یہ شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخواہ میں مرکوز ہے ۔ بدترین متاثرہ ضلع جنوب مغربی وسطی ضلع ہے جہاں سیلاب کے پانی سے ایک مسجد بہہ گئی ‘ جب کہ وہاں پر مصلی مسجد کے اندر نماز ادا کررہے تھے ‘ کئی مکان اور فوجی چوکی دورافتادہ دیہات ارسون میں متاثر ہوئے کم از کم 33 افراد بشمول 8فوجی ہلاک ہوگئے ۔اطلاعات کے بموجب 17 افراد لاپتہ ہیں ۔ اتنی ہی تعداد میں اچانک سیلاب آجانے کی وجہ سے زخمی ہوگئے ہیں ۔ صوبہ کے وسط سے بہنے والی دریا میں سیلاب آگیا ہے ۔ ڈی پی او چترال آصف اقبال نے اطلاع دی ہے کہ صوبائی آفات سماوی انتظامیہ اتھاریٹی ضلع انتظامیہ سے راحت رسانی اور بچاؤ کارروائیوں کیلئے ربط پیدا کئے ہوئے ہے ۔ اتھاریٹی نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے پانی سے 82مکان متاثر ہوئے ‘ کوششیں جاری ہیں تاکہ دیہاتیوں کو غذائی اجناس اور راحت رسانی کی اشیاء سربراہ کی جاسکے ۔ خیبرپختوانخواہ کی گورنر اقبال ظفر جھاگرا نے اظہار رنج و غم کیا ہے اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ راحت رسانی اور بچاؤ کی کوششوں میں اضافہ کیا جائے ۔ علاوہ ازیں انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ انسانی زندگیوں کو بچانے اور عوام کے جائیداد کے تحفظ کے پیشگی اقدامات کئے جائیں ۔