امن مذاکرات کیلئے بہتر موقع ‘ وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کا بیان
اسلام آباد ۔ /26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ‘ ہندوستان کی نئی حکومت سے تمام حل طلب مسائل پر بات چیت کے لئے تیار ہے ۔ ہفتہ کے دن ملتان میں ایک افطار پارٹی میں قریشی نے بیان کیا کہ ہندوستان اور پاکستان کو بات چیت کی میز پر آنا چاہئیے اور حل طلب مسائل کو اس علاقے کی خوشحالی اور امن کی خاطر حل کرنا چاہئیے ۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو ان کی پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور امن اور خوشحالی کے لئے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ۔ عمران خاں نے اردو اور انگرزی دونوں زبانوں میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیراعظم مودی کو ان کی اور ان کے اتحادیوں کی انتخابی کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں اور جنوبی ایشیاء میں امن اور خوشحالی کے لئے ان کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہوں ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور عمران خان آئندہ ماہ کرغستان میں منعقد ہونے والی شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن چوٹی کانفرنس میں ملاقات کریں گے ۔ جمعرات کو انتخابی نتائج کے بعد عمران خان نے اُردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں ٹویٹ کرتے ہوئے بی جے پی کی انتحابی کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی اور امن کیلئے کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔