پاکستان سے سمنٹ کی درآمد پر پابندی کا مطالبہ

تھیلوں میں اسلحہ و گولہ بارود منتقل کئے جانے کا خطرہ ۔ وزیراعظم کو سبرامنیم سوامی کا مکتوب

نئی دہلی 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہند ۔ پاک کشیدگی کے دوران بی جے پی لیڈر اور راجیہ سبھا رکن ڈاکٹر سبرامنیم سوامی نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی سلامتی اور گھریلو صنعت کے مفاد میں پاکستان سے سمنٹ کی درآمد پر پابندی عائد کردی جائے۔ وزیراعظم کو موسومہ ایک مکتوب میں انھوں نے کہاکہ پاکستانی سمنٹ پر پابندی نہ صرف اندرون ملک سمنٹ کی پیداوار اور کھپت کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ قومی سلامتی کے عین مطابق ہوگا۔ ڈاکٹر سوامی نے بتایا کہ سال 2007 ء میں سمنٹ کی طلب میں زبردست اضافہ کے پیش نظر کسٹمس ڈیوٹی کے بغیر پاکستان سے درآمد شروع کی گئی تھی لیکن اب صورتحال تبدیل ہوگئی ہے۔

اندرون ملک سمنٹ کی صنعت کی پیداواری صلاحیت بڑھ گئی ہے جس کا خاطر خواہ استعمال نہیں کیا جارہا ہے۔ ایک اندازہ کے مطابق 116 ٹن فاضل سمنٹ ملک میں دستیاب ہے۔ بی جے پی لیڈر نے ان رپورٹس کا بھی حوالہ دیا کہ پاکستان سے درآمد سمنٹ کے تھیلوں میں منشیات اور جعلی کرنسی منتقل کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان سے سمنٹ درآمد کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا تو یہ خطرہ لاحق ہوسکتا ہے کہ سمنٹ کے تھیلوں میں نقلی اشیاء، اسلحہ و گولہ بارود چھپاکر لایا جاسکتا ہے جوکہ اشرار کے ہاتھوں لگ سکتے ہیں۔ ڈاکٹر سبرامنیم سوامی نے کہاکہ ملک بھر میں سمنٹ کی پیداوار کا 70 فیصد حصہ بھی استعمال نہیں کیا جارہا ہے۔ جنوبی ہند کے کارخانوں میں تو پیداوار کو روک دیا گیا ہے۔ دوسری طرف بیرونی ممالک بالخصوص پاکستان، چین اور بنگلہ دیش سے سمنٹ درآمد کرکے ہندوستان کو ’کوڑا دان‘ بنادیا گیا ہے جہاں پر فاضل اشیاء کو لاکر پھینک دیا جاتا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ ہر ایک پاکستانی ہمیں پریشان کرنے میں مصروف ہے لیکن ہم ہندوستانی اندرون ملک سمنٹ صنعت کو داؤ پر لگاکر پاکستانی سمنٹ درآمد کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بھاری کمیشن پر پاکستانی سمنٹ کی درآمد، میڈ اِن انڈیا (ہندوستان میں بناؤ) کے نظریہ کے خلاف ہے جوکہ وزیراعظم نریندر مودی کی ذہنی اختراع ہے۔