پانچ میٹرو اسٹیشنوں کو ’مقام ہیریٹیج ‘کا درجہ دینے کا فیصلہ

نامپلی، گاندھی بھون، پولیس کنٹرول روم، رنگ محل اور آرکیالوجی میوزیم اسٹیشنوں کی خصوصی تزئین

حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے دیگر انجینئرس اور آرکیٹکٹس کی ٹیم کے ہمراہ پانچ کیلو میٹر طویل میٹرو ریل کا معائنہ کیا۔ یہ میٹرو لائن پولیس کنٹرول روم، تلنگانہ اسٹیٹ آرکیالوجیکل میوزیم اور رنگ محل جنکشن چادرگھاٹ کا احاطہ کرتی ہے۔ اس میں پانچ میٹرو اسٹیشن شامل ہوں گے۔ اسمبلی اسٹیشن، نامپلی، گاندھی بھون، او ایم سی اور ایم جی بی ایس کاریڈور ایک کو مقام ہیریٹیج کی حیثیت سے ترقی دی جائے گی۔ اس معائنہ کے دوران کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ وسیع تر فٹ پاتھ بنانے اور پیدل چلنے والوں کیلئے آسانیاں فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس کنٹرول روم کے سامنے واقع میٹرو اسٹیشن کو خوبصورت بنایا جائے گا اور یہاں پر بارش کے پانی کے بہاؤ کیلئے ڈرینج لائن بچھائی جائے گی۔ نامپلی میٹرو اسٹیشن کو نامپلی ریلوے اسٹیشن سے جوڑا جائے گا۔ 200 میٹر کے راستہ کو پیدل چلنے کے قابل بناتے ہوئے اطراف سے ہیریٹیج شان و شوکت کی جھلک والی جالی لگائی جائے گی جو مسافرین میٹرو کے ذریعہ سفر کرتے ہوئے نامپلی ریلوے اسٹیشن کو جانا چاہتے ہیں وہ اپنے لگیج کے ساتھ ایرپورٹ خطوط پر دستیاب ٹرالیز کا استعمال کرتے ہوئے اپنے لگیج لے جاسکیں گے۔ نامپلی اور گاندھی بھون اسٹیشنوں کے قریب ملٹی لیول کار پارکنگ کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ایم جے مارکٹ کو پرنسپل سکریٹری ایم اے اینڈ یو ڈی اروند کمار کی نگرانی میں ترقی دی جائے گی۔ جامباغ مارکٹ کی عظمت رفتہ کو بحال کیا جائے گا۔ سلطان بازار اور او ایم سی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تزئین نو کی جائے گی۔