نئی دہلی : نوئیڈا میں پارکوں میں نماز جمعہ پر پولیس کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے سابق جج مرکنڈے کاٹجو نے کہا کہ جب آر ایس ایس کو پارکو ں میں اپنی شاکھائیں لگاکر مشق کرنے کی اجازت ہے تو نماز پر پابندی کیوں عائد کی جارہی ہے ۔
انہوں نے آئین کے آرٹیکل ۱۹بی ، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آرٹیکل کہتا ہے کہ تمام شہریوں کو اسلحہ کے بغیر پر امن طریقہ سے اکٹھا ہونے کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارکو ں میں نماز کی اجازت نہ دینا آئین کی شدید خلا ف ورزی ہے ۔ مسٹر کاٹجو نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے کہ پارکوں میں یہاں وہاں کھلی جگہوں پر آر ایس ایس کی شاکھائیں ہوتی ہیں ، ان پر تو کو ئی پابندی عائد نہیں کی جاتی تو پھر نماز پر پابندی کیو ں عائد کی جارہی ہے اس کے لئے صرف کچھ ہی دیر درکار ہوتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عوامی مقامات پر نماز پرھتا ہے تو اسے پڑھنے دو اسے روکو نہیں ، ملک میں اتنی آزادی ہونی چاہئے اس لئے نماز پر پابندی کا حکم قطعی غلط ہے او رمیں اس کی شدید مذمت کرتا ہو ں۔