مجھے کوئی نقصان پہونچے تو چیف منسٹر ذمہ دار ہونگے : ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔ 17ستمبر ( سیاست نیوز) کانگریس قائد ریونت ریڈی نے کہاکہ انہیں کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری کے سی آر ‘ ڈی جی پی اور انٹلیجنس پرعائد ہوگی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ ان سے ٹی آر ایس خوفزدہ ہے ‘ انہیں جیل روانہ کرنے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر سازش تیار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں انہیں اہم عہدہ حاصل ہونے پر ٹی آر ایس کی مشکلات بڑھ جانے کے خوف سے گرفتار کرنے کے سی آر حکمت عملی تیار کررہے ہیں ۔ منصوبہ بندی کے تحت انکے ارکان خاندان کے اطراف نگاہ بڑھا دی گئی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ انہیں یا ان کے ارکان خاندان کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کی ذمہ داری کے سی آر ‘ڈی جی پی مہیندر ریڈی ‘ انٹلیجنس ڈی آئی جی پربھاکر راؤ پر عائد ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف دھاوے کرانے کا بی جے پی کی جانب سے ٹی آر ایس کو تیقن ملنے کی انہیں اطلاعات ہیں ۔ کانگریس کی مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے سے قبل انکے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتار کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو روانہ کریں یا ان کے خلاف سینکڑوں مقدمات درج کریں ‘ وہ کے سی آر کو چھوڑنے والے نہیں ہے ‘ سود کے ساتھ حساب چکتا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف ووٹ برائے نوٹ کا مقدمہ جھوٹا ہونے کی ہائیکورٹ نے تصدیق کی ۔ فون بات چیت کو غلط قرار دینے سے ہائی کورٹ نے انکار کردیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد جب تمام تدابیر اُلٹی ہوگئی تو کے سی آر نے جگا ریڈی کو گرفتار کرایا ۔ کانگریس قائدین جی وینکٹ رام ریڈی اور سری سیلم گوڑ کے خلاف مقدمات درج کرائے اور نوٹس روانہ کی گئی ہے ۔ یہاں تک کہ سماجی جہدکار ویملا اکا ‘ پروفیسر ہرگوپال ‘ چکا رامیا وغیرہ کو بھی بخشا نہیں جارہا ہے جس کی ٹی آر ایس کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی ۔