سرکاری اسکیمات کی تشہیر ۔ سنہرے تلنگانہ کیلئے کے سی آر کے دوبارہ اقتدار کی خواہش
حیدرآباد 31 اگسٹ ( این ایس ایس ) برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے 2 ستمبر کو ہونے والے ایک بڑے جلسہ عام کے سلسلہ میں شہر میں تقریبا ہر اہم مقام پربڑی ہورڈنگس ‘ کٹ آوٹس ‘ پوسٹرس اور پرچم وغیرہ لگائے گئے ہیں اور شہر کو عملا گلابی کردیا گیا ہے ۔ اتوار کو پارٹی کی جانب سے ایک بڑا جلسہ عام ’ پرگتی نیویدانا سبھا ‘ منعقد کیا جا رہا ہے ۔ یہ جلسہ شہر کے مضافات میں منعقد ہو رہا ہے اور برسر اقتدار جماعت اس جلسہ کے ذریعہ اپنی حکومت کے ساڑھے چار سال کی کامیابیوں کو عوام کے سامنے پیش کرنا چاہتی ہے ۔ پارٹی کا دعوی ہے کہ جلسہ عام میں 25 لاکھ افراد شرکت کرینگے ۔ اس ریلی کو ہندوستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی قرار دیا جا رہا ہے ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی حکومت اپنے اقتدار میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کردہ اسکیمات کو بھی اس جلسہ میںپیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ سارے شہر میں اہم ترین مقامات پر بلند و اونچی عمارتوں پر بڑے بڑے ہورڈنگس لگادئے گئے ہیں ۔ سینکڑوں کی تعداد میں پوسٹرس لگائے گئے ہیں۔ میٹرو کے تقریبا تمام پلرس پر یہ پوسٹرس واضح دکھائی دے رہے ہیں۔ ان تمام ہورڈنگس اور پوسٹرس اور پرچموں میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی تصاویر کو نمایاں کیا گیا ہے اور اس میں حکومت کے ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں کے نعرے بھی شامل کئے گئے ہیں۔ ان ہورڈنگس اور پوسٹرس میں حکومت کی اہم اسکیمات جیسے مشن بھاگیرتا ‘ مشن کاکتیہ ‘ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات ‘ 24 گھنٹے بلا رکاوٹ برقی کی سربراہی ‘ وظیفہ پیرانہ سالی ‘ بیوگان اور تنہا خواتین کو وظائف ‘ طلبا کیلئے اچھے چاول کی فراہمی ‘ ریتو بندھو اور ریتو بیمہ اسکیمات ‘ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر وغیرہ کو خاص طور پر اجاگر کیا گیا ہے ۔ ان پوسٹرس اور ہورڈنگس پر چیف منسٹر کی تصویر کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ سنہرا تلنگانہ ریاست کے ہر شہری کا خواب ہے اور اس کو پورا کرنے کیلئے چندر شیکھر راو کا ایک بار پھر اقتدار پر آنا ضروری ہے ۔