ٹیچرس قوم کے معمار اپنی ذمہ داری سے قوم کے مستقبل کو سنواریں

سیاست ، امریکن کونسلیٹ کے اشتراک سے پروگرام ، 314 اساتذہ کو ٹریننگ ، جناب زاہد علی خاں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ٹیچرس قوم کے معمار ہوتے ہیں بچوں کا مستقبل بنانے کی ذمہ داری اساتذہ پر عائد ہوتی ہے اگر وہ اپنی ذمہ داری کو اچھی طرح نبھائیں تو قوموں کا مستقبل سنورتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے یہاں امریکن کونسلیٹ اور سیاست کے باہمی اشتراک سے چلائے گئے ٹیچرس ورک شاپ کے اختتامی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے سیاست گولڈن جوبلی ہال میں کیا اور کہا کہ آج مسلمان لڑکیاں بہت اچھا پڑھ رہی ہیں ۔ زندگی کے مختلف شعبہ جات میں لڑکیوں کا مظاہرہ قابل ستائش ہے ۔ چاہے وہ سلویٰ فاطمہ پائلٹ ہو یا پرانے شہر دودھ باولی علاقہ کی ایک ہونہار طالبہ جس نے ٹرپل آئی ٹی میں داخلہ لیا ہو یا انٹر / میڈیکل کی ٹاپر ۔ انہوں نے لڑکوں کی تعلیم پر بھی توجہ دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ لڑکوں میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں لیکن وہ اس کا خاطر خواہ استعمال نہیں کرپارہے ہیں ۔ یو ایس کونسلیٹ کے اشتراک سے ادارہ سیاست نے جہاں امریکن انگریزی کی کلاسیس کا اہتمام کیا وہیں پر ٹیچرس کے ورکشاپ سے بھی امیدواروں نے خاصی دلچسپی لیتے ہوئے حوصلہ افزاء ردعمل ظاہر کیا ۔ ٹیچرس کے پہلے بیاچ میں مختلف 93 اسکولس کے 153 اساتذہ نے شرکت کی ۔ یو ایس کونسلیٹ کی مسز راشیل ڈیمنڈ نے جو انگلش لینگویج فیلو ہے ۔ اپنے منفرد اور خصوصی انداز سے ٹیچرس کو ٹیچنگ کے ٹیکنیک بتائیں ۔ مسٹر زاہد فاروقی پروگرام کوآرڈینٹر نے کارروائی چلاتے ہوئے تمام امور انجام دئیے ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں کورس کی تکمیل پر تمام امیدواروں کو سرٹیفیکٹ دئیے گئے ۔ امیدواروں نے اس ورکشاپ کو تعطیلات کا صحیح مصرف قرار دیتے ہوئے نئے ٹیکنیک سیکھنے کو ملی اور اس سے ان میں بڑی تبدیلی آئے گی اور موثر تدریسی خدمات انجام دے سکیں گے ۔ جناب زاہد فاروقی نے بتلایا کہ ٹیچرس امیدواروں کے لیے ان کلاسیس کے لیے دلچسپی اور حوصلہ افزاء ردعمل کو دیکھتے ہوئے نیا بیاچ 10 مئی ، 12 مئی کو رکھا گیا ہے ۔ اس میں 160 کا انتخاب ہوچکا ۔ نئے داخلے نہیں دئیے جائیں گے ۔ سیاست اور امریکن کونسلیٹ کے اس پروگرام کا اختتام زاہد فاروقی کے شکریہ پر ہوا ۔۔