ٹیپو سلطان جینتی کے موقع پر فساد کرانے بی جے پی کی کوشش

بنگلور ۔ /4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کرناٹک نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ریاست میں /10 نومبر کو منائی جانے والی ٹیپو سلطان جینتی تقاریب کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی درہم برہم کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ حکومت نے بی جے پی کو خبردار کیا کہ اگر اس نے فساد پھیلانے کی کوشش کی اور لا اینڈ آرڈر بگاڑنے والی حرکتیں کی تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔میسور کے آٹھارویں صدی کے حکمراں ٹیپو سلطان کی یوم پیدائش تقاریب منائی جارہی ہے ۔ کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشور نے بتایا کہ ان کی حکومت کسی بھی قسم کے احتجاج کو ناکام بنائے گی ۔ حکومت نے /10 نومبر 2016 ء کو بھی تقریب منانے کا فیصلہ کیا تھا جس پر بی جے پی اور آر ایس ایس نے حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ مسلمانوں کو خوش کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے نے کہا کہ حکومت اس تقریب کے دعوت نامے میں میرا نام شامل نہ کریں ۔