ٹرمپ کا شام سے امریکی افواج کو واپس بلانے کا اعلان

’’وہاں کی ذمہ داری کسی اور کو سنبھالنا ہوگا‘‘ امریکی صدر کا بیان

ویسٹ پام بیچ۔ 31 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے اعلیٰ مشیروں سے کہا ہے کہ شام میں بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف مہم میں مصروف امریکی فوجیوں کی وہ جلد واپسی چاہتے ہیں۔یہ اطلاع سرکاری ذرائع نے دی ہے ۔بتایا جا رہا ہے کہ اگلے ہفتے قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ ہونے والی ہے اور اس میں شام میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف امریکی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس معاملے سے جڑے دو سب سے ٹاپ حکام نے کل ’وال اسٹریٹ جرنل‘کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرمپ نے شام میں راحت آپریشن کے لئے دی جانے والی 20 کروڑ ڈالر کی رقم پر روک لگا دی ہے ۔وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے کویت میں ایک میٹنگ میں اس مقصد کا اعلان کیا تھا کہ شام میں اسلامک اسٹیٹ کے قبضے سے چھڑائے گئے علاقوں کو حالات میں بہتری لانے کیلئے مزید20 کروڑ ڈالر کی رقم دی جائے گی۔امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے بتایا کہ صدر کے احکامات کے مطابق وزارت خارجہ میں مسلسل صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کس طرح مدد بڑھائی جائے ۔قابل غور ہے کہ کل ٹرمپ نے کہا تھا ’’اب شام میں دوسرے فریقوں کو بھی دیکھ بھال کرنے دو اور ہم وہاں سے بہت جلد واپس آ رہے ہیں۔ ہمارے فوجی وطن لوٹیں گے اور وہاں کی ذمہ داری کسی اور کو لینی ہو گی‘‘۔