ٹرمپ پاکستان کو ویزا بند کردیں : عمران خان

لاہور ۔ /29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان نے آج کہا کہ انہیں توقع ہے کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ پاکستان پر ویزا تحدیدات عائد کریں گے ۔ کیونکہ ان کا یہ ایقان ہے کہ ایسا کرنے سے پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے ہی ملک کو ترقی دینے میں مدد ملے گی ۔ عمران خان نے لاہور سے تقریباً 250 کیلو میٹر دور پارٹی کی ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سنی جارہی ہے کہ پاکستانی عوام کو امریکی ویزا تحدیدات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ میری یہ دعا ہے کہ ٹرمپ پاکستانی عوام کیلئے ویزا بھی روک دیں ۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ ایسا قدم خود ہمارے ملک کو ترقی دینے میں معاون ہوگا ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم ٹرمپ کو ایران کی طرح جواب دیں گے جس نے امریکی شہریوں  کے داخلے پر بھی جوابی پابندی عائد کی ہے ۔ عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اگر سر میں درد ہو تو بھی بیرون ملک علاج کیلئے جاتے ہیں ۔ اگر امریکہ امتناع عائد کردے تو وہ بھی پاکستان اور اس کی ترقی پر توجہ دیں گے ۔ ہند ۔ پاک روابط کا تذکرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی کو یاددہانی کرانا چاہیں گے کہ ہر پاکستانی نواز شریف کی طرح بزدل نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرامن قوم ہیں اور ہندوستان میں بھی عوام کی اکثریت پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں چاہتی ۔ عمران خان نے کرپشن کی پردہ پوشی کیلئے بچوں کا سہارا لینے پر بھی نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ آخری سانس تک شریف خاندان کے کرپشن کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے ۔