نریندر مودی 7 اگسٹ کو مشن بھگیرتا کا افتتاح کرینگے ۔ گجویل میں جلسہ سے خطاب
حیدرآباد۔/29جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کے 7 اگسٹ کے مجوزہ دورہ تلنگانہ کے شیڈول کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے تلنگانہ حکومت کو موصولہ پروگرام کے مطابق وزیر اعظم 7 اگسٹ کو 4 گھنٹوں پر مشتمل دورہ میں 6 مختلف ترقیاتی اسکیمات کا آغاز اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ میدک ضلع کے گجویل میں مشن بھگیرتا پروگرام کا افتتاح کریں گے اور ریموٹ کے ذریعہ راما گنڈم میں قائم کئے جانے والے فرٹیلائزر پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم کے شیڈول کے مطابق وہ دوپہر 12 بجکر 10منٹ پر دہلی سے حیدرآباد کیلئے پرواز کریں گے۔ 2 بجکر 20منٹ پر بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے جہاں ان کا سرکاری طور پر استقبال کیا جائیگا۔ 2بجکر 25منٹ پر خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ گجویل روانہ ہوں گے اور 2 بجکر 50منٹ پر گجویل پہنچیں گے۔ ہیلی پیاڈ سے سڑک کے راستہ مشن بھگیرتا پروگرام کی افتتاحی تقریب کے مقام پر 3 بجے سہ پہر پہنچیں گے۔ 3 تا 4 بجکر 15 منٹ وہ گجویل سے ہی مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مشن بھگیرتا پہلے مرحلہ کے پروگرام کا چیف منسٹر کے سی آر کے ہمراہ افتتاح کریں گے۔ راما گنڈم میں این ٹی پی سی کی جانب سے قائم کئے جانے والے 1600 میگا واٹ تھرمل برقی پلانٹ اور راما گنڈم فرٹیلائزر پلانٹ کا ریموٹ کے ذریعہ سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ورنگل میں قائم ہونے والی کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی کا ریموٹ کے ذریعہ آغاز کریں گے۔ منوہرآباد۔ کوتہ پلی ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور عادل آباد میں سنگارینی کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے 1200میگا واٹ کے برقی پلانٹ کو قوم کے نام معنون کریں گے۔ وزیر اعظم ان پروگراموں کے بعد گجویل میں عام جلسہ سے خطاب کریں گے۔ شام 4 بجکر 25 منٹ پر گجویل سے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوں گے اور 5 بجکر 15منٹ پر لال بہادر اسٹیڈیم میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ کارکنوں کے مہا سمیلن سے خطاب کریں گے۔ شام 6:35 بجے وزیر اعظم بیگم پیٹ ایر پورٹ سے دہلی واپس ہوجائیں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اعلیٰ سطحی اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ کے دوران ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کا جائزہ لیا۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد وزیر اعظم کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔