حیدرآباد۔ ہندوستان کو لوٹنے کے بعد ساری دولت لے کر فرار ہونے والے ملزمین ائی پی ایل کے سابق ڈائرکٹر للت مودی‘ شراب کے بڑے کاروباری وجئے مالیا‘ گیتانجلی جویلریس کے مالک نیراؤ مودی اور میہول چوکسی ( اپنے میہول بھائی ) مبینہ طور پر لندن میں مقیم ہیں۔ ان چاروں لوگوں پر ہندوستان کے لاکھوں کروڑ روپئے غبن کرکے ملک سے فرار ہوجانے کا الزام ہے۔
یہ وہ پیسے ہے جس کی بازیابی ملک کی معیشت میں بڑی فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔وزیر اعظم نریند رمودی ہمیشہ اس بات کا اعلان کرتے رہتے ہیں نہ کھاؤں اور نہ کھانے دونگا۔ سال2014میں لوک سبھا انتخابات کے دوران انہوں نے بابانگ دہل اس بات کااعلان کیاتھا کہ میں چوکیدار کی حیثیت سے کام کرونگا مجھے ایک موقع دیں‘ میں بدعنوانی ‘ رشوت خوری ‘ چوری چکاری جیسے معاملات کو ختم کردونگا۔ بدعنوانی کرنے والے لوگ جیل میں ہند ہونگیں
کالا دھن جو بیرونی ملکوں کی بینکوں میں جمع ہے ‘ اس کو واپس لاؤں گا اور ہر ہندوستانی کے اکاونٹ میں پندرہ پندرہ لاکھ روپئے جمع کرائے جائیں گے ۔ ان چار سالوں میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوا ۔
اس کے برعکس نوٹ بندی اور جی ایس ٹی جہاں چھوٹی صنعت کو تباہ کردیا اور بے روزگاری کے تناسب میں اضافہ کردیا وہیں پنجاب نیشنل بینک میں لاکھوں کروڑ روپئے کے غبن کے انکشاف نے مرکز میں نریندر مودی حکومت کے تمام وعدوں او راعلانات کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
پی این بی اسکام کے منظرم عام پر آنے کے بعد اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ مذکورہ اسکام کے متعلق قبل از وقت وزیر اعظم کے دفتر( پی ایم او) کو اس بات کی جانکاری تحریری طور پر دی گئی تھی کہ نیر و مودی ( گیتانجلی جویلریس کے مالک)لاکھوں کروڑ کے غبن میں ملوث ہے اور وہ ملک چھوڑ کر فرار ہونے کی تیاری میں ہے۔للت مودی‘ وجئے مالیا‘ نیرو مودی اور میہول چوکسی کو غبن کے بعد ہمارے ملک کے خفیہ اداروں کے سرگر م عمل رہنے کے باوجود ملک چھوڑ کر فرار ہونے کا موقع ملا ہے۔
ان واقعات کے منظرعام پر آنے کے بعد وزیر اعظم نریند ر مودی نے اس بات کااعلان کیاتھاکہ وہ ہندوستان کی عوا م کا پیسہ لوٹ کر فرار ہونے والوں کو بخشیں گے نہیں‘ ہر حال میں یہ پیسہ وصول کریں گے ‘ ایک روپیہ بھی نہیں چھوڑیں گے۔یہ بڑی خوشی قسمتی کی بات ہے اور ہندوستان کی عوام کے نصیب اچھے ہیں کہ ان دنوں وزیر اعظم نریندر مودی ان یوروپی ممالک کے ہنگامی دورے پر ہیں ‘ جہاں پر وہ یوروپی ممالک سے اقتصادی ‘ ترقی اور مختلف امور پر معاملات کو قطعیت بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے یوکے کی وزیر اعظم تھریسا مئی سے بھی ملاقات کی ہے اور اتفاق کی بات یہ ہے کہ بھگوڑے وجئے مالیا‘ للت مودی کے ساتھ ساتھ نیراؤ مودی اور میہول چوکسی کا بھی ڈیرہ لندن میں ہے ۔ ملک کی عوام کو اس بات کی قومی توقع ہے کہ 56انچ کا سینہ رکھنے والے وزیر اعظم نریندر مودی جن کے دل میں ہندوستان کی عوام کے لئے بے انتہا تڑپ ہے۔
ہندوستانی عوام کے تئیں اپنے احساسات وجذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہو ں نے کئی مرتبہ اپنی آنکھوں سے آنسو بھی بہائے ہیں۔ اب وہ اپنے احساسات او رجذبات کو عملی جامعہ پہنائیں گے اور مالیہ‘للت ‘ نیراؤ اور چوکسی جیسے ملزمین کی یوکے حکومت پر دباؤ کے ذریعہ ہندوستان حوالگی کو یقینی بنانے کاکام کریں گے