وزیر اعظم عمران خان کا 3 جنوری سے ترکی کا دو روزہ دورہ

اسلام آباد 30 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان عمران خان جنوری 2019 کے پہلے ہفتے میں ترکی کا دو روزہ دورہ کرینگے ۔ اس موقع پر وہ صدر رجب طیب اردغان کے ساتھ باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ ترک تاجروں اور امکانی سرمایہ کاروں کے ساتھ بھی اجلاس منعقد کرینگے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم کا یہ پہلا سرکاری دورہ ترکی ہوگا ۔ عمران خان 3 جنوری کو ترک دارالحکومت انقرہ پہونچیں گے ۔ وہ ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ ہونگے جن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ‘ وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داو د بھی شامل ہونگے ۔ اس دورہ کے موقع پر عمران خان اور طیب اردغان دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور دیگر اہم امور پر بھی ان دونوں کی بات چیت ہوگی ۔ وزیر اعظم پاکستان ‘ ایک کاروباری فورم سے خطاب کرینگے اور ترک تاجروں اور امکانی سرمایہ کاروں کے ساتھ کئی اجلاس بھی منعقد کرینگے ۔ پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی تعلقات ہیں اور یہ مشترکہ مذہبی اور ثقافتی روایات پر مبنی ہیں اور یہ صدیوں قدیم ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین بہترین سیاسی ‘ معاشی ‘ دفاعی ‘ ثقافتی اور عوام تا عوام رابطے ہیںاور یہ ہر گذرتے برس کے ساتھ بہتر ہوتے جا رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ اس دورہ سے دونوں ملکوں کے مابین تعاون واشتراک کے نئے امکانات کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا ۔ خاص طور پر معاشی ‘ تجارتی اور کمرشیل تعلقات کو مستحکم کیا جاسکتا ہے ۔