نئی دہلی ۔24جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) 25بچوں کو وزیراعظم نریندر مودی نے دلیری ایوارڈ پیش کئے اور اُن سے خواہش کی کہ بحیثیت مجموعی سماج کو اُن سے تحریک حاصل کرنی چاہیئے ۔ اُن کے رشتہ داروں کو ہی نہیں بلکہ دیگر افراد کو بھی اُن سے تحریک حاصل کرنی چاہیئے ۔ ایوارڈیافتہ گان اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حاضر دماغی فوری سونچ اور بے غرضی کے ساتھ پختہ ارادہ اور حساسیت برائے پریشان حال بنی نوع انسان ان بچوں کی دلیری کے کارناموں کے پس پردہ انتہائی اہم عناصر تھے ۔ مودی نے ایوارڈ یافتہ گان سے کہا کہ دلیری کا یہ کارنامہ اپنے مقصد کی وجہ سے ہی نہیں بلکہ ان بچوں کی زندگی کی وجہ سے بھی ارتقاء پذیر ہوگا اور انہیں اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ سماج کی خدمت کرنی ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جب تک انسانوں میں حساسیت باقی ہے دلیری اس پر غلبہ نہیں پاسکتی ۔ دلیری کے یہ کارنامے اُسی وقت پیش آتے ہیں جب کہ رشتہ داری کا تصور ہو ۔ ایک مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کی آنکھ میں کوئی تنکہ گرجائے تو ہاتھ فوری اسے باہر نکال دیتا ہے لیکن بنی نوع انسان میں سماج کیلئے ایسا جذبہ نہیں پایا جاتا ۔ اس ماحول کیلئے ہمیں تحریک حاصل کرنا چاہیئے اور اسے دلیری کا ایک کارنامہ بنادینا چاہیئے ۔