وزیراعظم پاکستان نااہلی کے بعد مستعفی

شہباز شریف ملک کے متوقع نئے وزیراعظم ، یہ صرف آغاز ہے : عمران خان

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے آج اپنے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا جب سپریم کورٹ نے کسی عوامی عہدہ پر برقراری کیلئے انہیں نااہل قرار دیا ۔ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کے بعد وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے پر مجبور ہوگئے ۔ امکان ہے کہ ان کے عمزاد بھائی شہباز شریف جو پاکستانی صوبہ پنجاب کے چیف منسٹر ہیں ان کے جانشین اور پاکستان کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے ۔ دریں اثناء تحریک انصاف پاکستان کے صدر اپوزیشن لیڈر عمران خان نے آج کہا کہ سپریم کورٹ پاکستان کا وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فیصلہ قابل ستائش ہے ۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو صرف آغاز ہے اور مستقبل میں مزید سخت حالات کا نواز شریف کو سامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک زلزلوں اور قحط سے اتنے تباہ نہیں ہوتے جتنے کہ خود اپنے اداروں سے ہوتے ہیں۔انہوں نے اتوار کے دن اسلام آباد میں تحریک تشکر جلوس نکالنے کا بھی اعلان کیا ۔ (تفصیلی خبر صفحہ 3 پر)