وزیراعظم نریندر مودی کا دورہ سویڈن ، ہند ۔ شمالی کرہ ارض چوٹی کانفرنس میں شرکت

وزرائے اعظم فن لینڈ ، ڈنمارک ، آئس لینڈ اور ناروے سے ملاقاتیں ، وزیراعظم سویڈن کے ساتھ چہل قدمی
اسٹاکہوم ۔ /17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور سویڈن نے آج اتفاق رائے کیا کہ باہم دفاعی اور مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گے جو دونوں ممالک کیلئے فائدہ مند ہو ۔ وہ وزیراعظم سویڈن اسٹیفن لافوین سے بات چیت کررہے تھے ۔ مودی کل سویڈن کے دارالحکومت پہونچے تھے اور انہوں نے شمالی کرہ ارض کے ممالک کے وزرائے اعظم سے ملاقات کی ۔ یہ کسی ہندوستانی وزیراعظم کی تیس سال میں اولین ملاقات تھی ۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی اور صیانتی تعاون باہمی تعلقات کا ’’بنیادی ستون‘‘ ہے ۔ وزرائے اعظم نے بعد ازاں کہا کہ تبادلہ خیال ثمر آور رہا ۔ باہمی تعاون برائے ایجادات ، تجارت ، سرمایہ کاری ، تہذیب ، تمدن اور دیگر علاقائی اور کثیر جہتی تعاون کے مسائل پر وفد کی سطح کے مذاکرات ہوئے ۔ وزارت خارجہ ہندوستان کے ترجمان روش کمار نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہندوستان اور سویڈن کے درمیان دو دستاویزات پر اتفاق رائے ہوا ۔ ایک مشترکہ صحافتی بیان میں وزیراعظم مودی نے کہا کہ دونوں فریقین نے ہندوستان کے ترقی کے سفر میں باہمی تعاون سے اتفاق رائے کیا ۔ سویڈن نے ہندوستان کی نیوکلیر سربراہ کنندہ گروپ کی رکنیت کیلئے کوشش کی تائید کی اور اس کوشش کا استقبال بھی کیا ۔ بعد ازاں وزیراعظم نریندر مودی نے اولین شمالی نصف کرہ ارض چوٹی کانفرنس میں شرکت کی اور وزرائے اعظم فن لینڈ ، ڈنمارک ، آئس لینڈ اور ناروے سے ملاقاتیں کیں ۔

وزیراعظم ہند نریندر مودی اور وزیراعظم سویڈن نے اسٹاک ہوم میں وزیراعظم سویڈن کی قیامگاہ سے ان کے دفتر تک چہل قدمی بھی کی تاکہ ہند ۔ سویڈن تعاون کے موضوع پر بات چیت کی جاسکے ۔ وزیراعظم مودی نے ہند ۔ شمالی نصف کرہ ارض چوٹی کانفرنس کے دوران پانچ ممالک کے وزرائے اعظم سے ملاقات کی اور باہمی تعلقات میں اضافہ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے تمام ممالک کو متحد ہوجانا چاہئیے اور معیار ، ایجادات اور ترقی میں شراکت داری ہی اپنی صلاحیت ظاہر کرنی چاہئیے ۔ وزیراعظم نریندر مودی پہلے وزیراعظم ہند تھے جس نے گزشتہ 30 سال کے دوران پہلی بار شمالی نصف کرہ ارض کے 5 ممالک کے وزرائے اعظم سے ملاقات کی ہے ۔ چوٹی کانفرنس سے قبل وزیراعظم مودی نے تمام پانچ وزرائے اعظم سے علحدہ علحدہ طور پر ملاقات کی ۔ یہ ان کے پان روزہ غیرملکی دورہ کا پہلا مرحلہ تھا ۔ وہ یہاں سے برطانیہ اور جرمنی کے دورہ پر روانہ ہوں گے ۔ وزیراعظم سویڈن سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین ہند ۔ سویڈن دفاعی تعاون اور باہمی تعلقات میں اضافہ سے اتفاق کرتے ہیں ۔ ایک معاہدہ پر دستخط بھی متوقع ہیں ۔