وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیردفاع نرملا سیتارامن کو فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ

رافیل جنگی جہازوں کی خریدی میں بدعنوانیوں کے خلاف کانگریس کا احتجاج، اتم کمار ریڈی اور دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ یکم ؍ اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی کی جانب سے رافیل جنگی جہازوں کی خریدی میں ہوئی بدعنوانیوں کے خلاف نامپلی میں احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا نذرآتش کیا گیا۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے جنگی جہازوں کی خریدی میں ہوئی بدعنوانیوں کی سپریم کورٹ کے برسرخدمات جج کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔ صدر حیدرآباد سٹی کانگریس کمیٹی و سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کی قیادت میں گاندھی بھون کے روبرو احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا جس میں قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس، انیل کمار یادو کانگریس قائد، فیروز خان جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی، لکشمن گوڑ خازن، جی نارائن ریڈی ترجمان، سید نظام الدین صدر گریٹر حیدرآبادکانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ، شیخ عبداللہ سہیل کانگریس قائدین محمد شکیل، وحید، محمد امتیاز، افسر یوسف زئی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے زیرقیادت یو پی اے دورحکومت میں 600 کروڑ روپئے میں ایک رافیل جنگی جہاز خریدنے کا معاہدہ کیا تھا۔ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت نے فی کس جنگی جہاز کی قیمت میں 1000 کروڑ روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے بہت بڑا اسکام کیا ہے۔ ماضی میں جنگی جہازوں کی مینوفکچرنگ اور ٹیکنالوجی کی اپ گریڈنگ ایچ اے ایل کے ذریعہ ہوا کرتی تھی لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے اس کا کنٹراکٹ کوئی تجربہ نہ رکھنے والی امبانی کمپنی کو سونپتے ہوئے 30 ہزار کروڑ روپئے کے کنٹراکٹ پر دستخط کئے ہیں۔ رافیل جنگی جہازوں کی خریدی میں تقریباً40 ہزار کروڑ روپئے کا اسکام ہوا ہے جس کے خلاف کانگریس پارٹی احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی اور مودی کی بدعنوانیوں کو آشکار کررہی ہے۔ قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے کے برسراقتدار آنے کے بعد ملک میں بدعنوانیوں کا بازار گرم ہوگیا ہے۔ قیمت کے انکشاف سے ملک کی سیکوریٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ماضی میں کانگریس نے پارلیمنٹ کے ذریعہ جنگی جہازوں کی خریدی سے متعلق قیمتوں کا اعلان کیا تھا۔ رافیل جنگی جہازوں کی خریدی میں بدعنوانیاں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے قیمتوں کو چھپاتے ہوئے اس کو ملک کی سیکوریٹی سے جوڑا جارہا ہے۔ کانگریس پارٹی بی جے پی کے بدعنوانیوں کو آشکار کرے گی۔ عوامی شعور بیدار کرتے ہوئے بی جے پی اور اس کی حلیف ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرے گی۔ انجن کمار یادو نے رافیل جنگی جہازوں کی خریدی میں بڑے پیمانے کا اسکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیردفاع نرملا سیتارامن کو فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی بی جے پی اور ٹی آر ایس کی ناکامیوں و بدعنوانیوں کو آشکار کرنے کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں کرے گی۔ مرکز میں بی جے پی ریاست میں ٹی آر ایس عوامی اعتماد کھوچکی ہے اور آئندہ کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔