وزیراعظم مودی کی ملائیشیا ، انڈونیشیا ، لاؤس قائدین سے ملاقات

دفاع ، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال

نئی دہلی 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج آسیان کے قائدین سے ملاقات کی۔ خاص کر وزیراعظم ملائیشیا نجیب عبدالرزاق سے باہمی بات چیت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں تعاون کو فروغ دینے انتہا پسندی پر قابو پانے اور دفاع، تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں معاہدوں کو تیز تر کرنے پر توجہ مرکوز کی۔ وزارت خارجہ میں سکریٹری (ایسٹ) پریتی شرن نے کہاکہ دونوں قائدین نے انفراسٹرکچر کے شعبہ میں تعاون کو تیز کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انسداد دہشت گردی تعاون میں بھی دونوں ممالک نے مزید اضافے پر زور دیا۔ نجیب عبدالرزاق اُن 10 آسیان قائدین میں شامل ہیں جنھوں نے آج راج پتھ پر منعقدہ یوم جمہوریہ تقاریب کا مشاہدہ کیا۔ ہند ۔ آسیان یادگار چوٹی کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے انڈونیشیا کے صدر جوکو وڈیڈو سے بھی ملاقات کی۔ معاشی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ انڈونیشیا کے مختلف جزائر کے درمیان رابطے کے بشمول ٹرانسپورٹ پراجکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم مودی نے لاؤس کے وزیراعظم پی ڈی آر ہنگولون سوسولتھ سے بھی ملاقات کی۔ باہمی مفادات کے مسائل پر وسیع تر تبادلہ خیال کیا۔ دفاعی تعاون پر خصوصی طور پر توجہ دی گئی۔ اِس باہمی ملاقات میں دیرینہ دوستانہ اور باہمی معاون تعلقات کو فروغ دینے پر وزیراعظم مودی نے زور دیا۔ پریتی شرن نے کہاکہ وزیراعظم مودی کمبوڈیا کے وزیراعظم ہنسن سے کل ملاقات کریں گے۔ کمبوڈیا کے وزیراعظم کے ہمراہ ایک بڑا وفد بھی آیا ہوا ہے۔ چہارشنبے سے وزیراعظم نریندر مودی نے آسیان قائدین سے ملاقات کی، خاص کر مائنمار کی لیڈر آن سان سوچی، وزیراعظم ویتنام نیون ژوان پاؤچ، فلپائن کے صدر روڈریگو ڈیٹیریٹ، وزیراعظم تھائی لینڈ جنرل پریوت چھان اوچوا، سنگاپور کے وزیراعظم لی ہسن لانگ اور برونی کے سلطان حاجی حسن البلوقیا سے بھی ملاقات کی تھی۔