وزیراعظم اسرائیل نتن یاہو ’دہشت گرد‘ : اردغان

فلسطینی قابضین کو بخشا نہ جائے، اسرائیلی فوج کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے

استنبول / دبئی۔ یکم اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے وزیراعظم اسرائیل بنجامن نیتن یاہو پر شدید تنقید کی اور انہیں ایک دہشت گردی قرار دیا۔ فلسطین میں نہتے احتجاجیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمال مشرقی شام میں بھی اسرائیلی فوج کارروائی کررہی ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو ایک دہشت گرد ملک قرار دیا اور وزیراعظم اسرائیل کو فلسطین میں قابض حکمران قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ اس ظلم کو محفوظ کررہی ہے۔ فلسطینیوں پر مظالم ڈھانے والے ہرگز بخشے نہیں جائیں گے۔ جمعہ کے دن اسرائیلی فائرنگ میں کم از کم 17 فلسطینی ہلاک ہوگئے تھے۔ آج رجب طیب اردغان نے غزہ میں اس غیر انسانی حملے پر اسرائیلی فوج کی شدید مذمت کی۔ قبل ازیں لبنان کی مسلح افواج نے صہیونی ریاست کی طرف سے کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ’ٹوئٹر‘پر پوسٹ ایک بیان میں لبنانی فوج نے واضح کیا ہے کہ اگر اسرائیلی فوج نے لبنان کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کا مظاہرہ کیا تو اس کے نتائج کی پرواہ کیے بغیر ہم دشمن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ لبنانی فوج کے سربراہ جنرل العماد جوزف عون نے کہا کہ وہ صہیونی ریاست کی طرف سے لبنان کی خود مختاری پر حملوں کی کسی بھی سازش کا بھرپور جواب دیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بیروت حکومت اپنے قومی اقتصادی وسائل پر اسرائیلی دست درازی کی کوششوں کو پہلے مسترد کر چکی ہے۔ خیال رہے لبنان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے علاقائی پانیوں میں لبنان کی حدود کے اندر اسرائیلی سرگرمیوں کی روک تھام اور سرحد پر کنکریٹ کی دیوار کی تعمیر روکنے کے لیے علاقائی ملکوں کے ساتھ کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لبنانی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر صہیونی ریاست کے توسیع پسندانہ اور غاصبانہ اقدامات کی روک تھام کریں گے۔ قبل ازیں لبنانی صدر میشل عون، وزیر اعظم سعد الحریری اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے اسرائیل کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں پر غور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے مسلسل دھمکیاں لبنان کی حدود اور پورے علاقے کو ایک نئی کشیدگی سے دوچار کر سکتی ہیں۔