وزارت اقلیتی امور کے بجٹ میں ریکارڈ اضافہ

مسلمانوں کو بااختیار بنانے فنڈس کا استعمال کیا جائیگا: نقوی
نئی دہلی۔یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے آج مرکزی بجٹ میں وزارت اقلیتی امور کے لیے مختص کردہ بجٹ میں ’’ریکارڈ‘‘ اضافہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس فنڈس کو اقلیتی طبقات کو با اختیار بنانے آج پورے وقار و احترام کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔ وزیر اقلیتی امور نے مزید کہا کہ ان کی وزارت کو مختص کردہ بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ بجٹ سال 2017-18میں 4,197 کروڑ روپئے تھا جس میں اضافہ کرکے اب 4,700 کروڑ کردیا گیا ہے۔ یعنی مرکزی وزارت اقلیتی امور کو اب 505 کروڑ روپئے زائد بجٹ حاصل ہوگا۔ وزارت کے بجٹ میں اس ریکارڈ اضافہ کا میں خیرمقدم کرتا ہوں اور یقین سے کہتا ہوں کہ اس بجٹ کو مسلمانوں کے بشمول تمام اقلیتوں کی سماجی، معاشی اور تعلیمی ترقی اور ان شعبوں میں انہیں بااختیار بنانے میں پورے وقار کے ساتھ مدد کی جائے گی اور اسی عزت و مرتبہ سے ان کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سال 2014-15ء میں ان کی وزارت کے لیے مختص بجٹ 3,711 کروڑ روپئے تھے ۔ 2015-16 اور 2016-17ء میں اس بجٹ میں علی الترتیب 3,713 اور 3,800 کروڑ روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا۔