وائیٹ ہاؤز میں صدر اوباما کا آخری عشائیہ

واشنگٹن ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے وائیٹ ہاؤز میں اپنے آخری سالانہ عشائیہ کا اہتمام کیا۔ عشائیہ میں شریک تمام مہمانوں کے سامنے انہوں نے تقریر کرتے ہوئے کچھ اچھے لطیفے بھی سنائے۔ کھانے کے ٹیبل پر اوباما کے لطیفوں کو سن کر شکرکاء ہنس ہنس کر لوٹ پھوٹ ہوگئے۔ ہندی فلموں کی اداکارہ پرینکا چوپڑہ بھی مہمان کے طور پر شرکت کی تھیں۔ اوباما کے سالانہ عشائیہ میں ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کے فلم اسٹارس کے علاوہ صحافی اور سیاستداں بھی شریک تھے۔ بالی ووڈ کی دیسی گرل پرینکا چوپڑہ نے اوباما کے لطیفوں کو سن کر زبردست ستائش کی۔ پہلی بار ایسی تقریب میں شرکت کرنے والی پرینکا چوپڑہ کا کہنا تھا کہ صدر اوباما زبردست لیڈر ہیں۔ وائیٹ ہاؤز ڈنر میں شرکت کرکے انہیں بہت خوشی ہوئی۔ صدر اوباما نے وائیٹ ہاؤز میں اپنے آخری سالانہ ڈنر پر ہنسنے ہنسانے کا موقع جانے نہ دیا۔ خوب چٹکلے سنائے۔ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کی تقاریر اور پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے بھی انہوں نے چٹکلے چھوڑے۔ خود بھی ہنسے اور مہمانوں کو بھی ہنسایا۔ تقریب کے دوران صدر اوباما نے نہ صرف اپنا مذاق اڑایا بلکہ صدارتی امیدوار ری پبلکن لیڈر ڈونالڈ ٹرمپ کو بھی اپنی پرمزاح گفتگو کا موضوع بنایا اور ان پر طنزیہ جملے کسے۔