وزیر اعظم کے بیان ’ مجھے زندہ جلادیں ‘ اگر میں غلط ثابت ہوں ‘ پر عوام کا شدید طنز
نئی دہلی 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے مسائل کا شکار اور سست ہوتی معیشت کی مشکلات کا سامنا کرنے والے عوام نے اب وزیر اعظم نریندر مودی کو سوشیل میڈیا پر نشانہ بنانا شروع کردیا ہے ۔ ان کو نشانہ بنانے کیلئے خود ان کے بیانات اور اعلانات کا حوالہ بھی دیا جا رہا ہے ۔ ایسا ہی ایک اعلان وزیر اعظم نے نوٹ بندی کے بعد کیا تھا ۔ انہوں نے ملک کے عوام سے کہا تھا کہ ’ مجھے 50 دن دیں۔ اگر میں غلط ثابت ہوا تو مجھے زندہ جلا دیا جائے ‘ ۔ ان کے اس جذباتی بیان پر اس وقت تو واہ واہی ہوئی تھی لیکن اب لوگ اس کو طنز و تنقید کیلئے اس کا حوالہ دے رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک سوشیل میڈیا پوسٹ میں راجیش کے پرامیشورن نے وزیر اعظم کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ( ہندوستانی ) آپ کو زندہ جلانا نہیں چاہتے ۔ سب سے پہلی بات تو یہ کہ کسی جمہوریت میں اس کے ذمہ داروں کی غلطیوں پر ایسی سزا نہیں دی جاتی اور دوسری بات یہ کہ زندہ جلانے کے فن میں آپ ( مودی ) کے پرستاروں نے مہارت حاصل کی ہے ان کے ناقدین نے نہیں۔ اس پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو اپنے جھوٹ اور غلط بیانی سے متاثر کردیا ہے ۔ ہم ( عوام ) کو یہ امید نہیں ہے کہ آپ یہ اعتراف کریں کہ آپ نے غلطی کی ہے ۔ آپ تمام غلطیوں کے باوجود کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں اور اسی سے آپ کو یہ احساس ہورہا ہے کہ آپ جمہوریت کے ساتھ اس طرح کا برتاو کرسکتے ہیں۔ مجھے تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ آپ کے جیسے لوگوں کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے ہوسکتا ہے اس میںکوئی تاخیر ہو۔ اس وقت تک ان مشکل حالات میں ہمیں یہ بوجھ اٹھانا پڑیگا کیونکہ جو لعنت اب ہندوستان پر مسلط ہوگئی ہے فی الحال اس کا کوئی علاج نظر نہیں آتا ۔