نفرت پھیلانے والے عناصرسماج ہی نہیں ملک کے بھی دشمن

کثرت میں وحدت ہندوستان کی پہچان، قومی یکجہتی کانفرنس سے اسرارالحق قاسمی کا خطاب
ویشالی،30مارچ(سیاست ڈاٹ کام) اس ملک کے تمام شہری امن پسندہیں اورہمیشہ سے بھائی چارہ کے ساتھ رہتے آئے ہیں اور آئندہ بھی بھائی چارہ کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ممتازقومی وملی رہنما وممبرپارلیمنٹ مولانا اسرارالحق قاسمی نے افضل پور ویشالی میں منعقدہ قومی یکجہتی کانفرنس میں صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ وقت میں جوکچھ ہورہاہے ،اس سے میں مایوس نہیں ہوں،میں سمجھتاہوں کہ یہاں کے ہندو مسلمانوں کے مابین صدیوں سے ایک مضبوط سماجی رشتہ پایاجاتا ہے اوراس کے ہوتے ہوئے نفرت پھیلانے والی طاقتیں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ انہوں نے کہاکہ اس ملک میں مٹھی بھرلوگ ہیں جو نفرت پھیلارہے ہیں ،یہ لوگ سماج ہی نہیں بلکہ ملک کے بھی دشمن ہیں اور ملک کوکمزور کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام طبقات کا فریضہ ہے کہ وہ موجودہ ماحول میں پھیلنے والی نفرت کی سیاست کو سمجھیں اور ان جماعتوں و افراد کو مسترد کردیں جو مذہبی بنیاد پر سیاست کرکے ہندومسلمانوں کے مابین زہرپھیلاکرپیارمحبت کے ماحول کوکمزور کررہے ہیں۔ مولانا قاسمی نے کہا کہ باشعوراورسماج کے ذمہ دارطبقہ کو چاہئے کہ ایسا ماحول پیدا کریں جس میں اگر کسی ہندوپر ظلم ہوتو مسلمان اس کی حفاظت کریں اور اگر کسی مسلمان پر ظلم ہوتو ہندوآگے بڑھ کر اس مسلمان کی مدد کریں۔مولانانے ہندوستان کی خوبصورتی کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ عدمِ تشدد،رواداری اور امن اس ملک کے اہم اوصاف ہیں اور یہی ہمارے قومی نظریہ کی بنیاد بھی ہیں،یہی وجہ ہے کہ سیکڑوں سال سے اس ملک میں دنیاکے مختلف مذاہب کے پیروکارآپسی بھائی چارہ اور امن و اطمینان کے ساتھ رہتے چلے آئے ہیں،کثرت میں وحدت اور مشترکہ کلچراس ملک کی پہچان ہے ،اسی جذبے کے تحت ہمارے آباء و اجداد نے جنگ آزادی میں حصہ لیاتھا اور ہندومسلمان دونوں طبقوں نے مل کر ہندوستان سے انگریزوں کو بے دخل کرنے کے لئے جدوجہد کی تھی،آزادی کے بعد اس ملک کا ایک سیکولردستوربنایاگیااوراس میں بھی انہی اوصاف کو بنیادی اہمیت دی گئی تاکہ ملک میں بسنے والے مختلف مذاہب کے لوگ اطمینان و سکون کے ساتھ زندگی گزارسکیں اور ہرشہری کو برابری کے ساتھ اس کے حقوق دیے جائیں۔