ناگرجنا ساگر پراجکٹ لبریز، مختصر وقت کیلئے پانی کا اخراج

سری سیلم پراجکٹ کی سطح آب میں بھی غیر معمولی اضافہ پر تین گیٹوں کی کشادگی

حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں واقع ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح آب 590 فٹ کے منجملہ 585 فٹ ہوجانے کے باعث گزشتہ چار سال کے وقفہ کے بعد آج صبح جی سکھیندر ریڈی رکن پارلیمان نلگنڈہ کے ہاتھوں پراجکٹ کے صرف دو گیٹس ہی کھولے جاسکے اور پھر چند گھنٹوں بعد گیٹس کو بند کردیا گیا۔ گیٹس کھولنے سے 14 ہزار کیوزکس پانی کا اخراج عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر سینئر قائد ٹی آر ایس و انچارج حلقہ اسمبلی ناگر جنا ساگر این نرسمہیا اور چیف انجینئر پراجکٹ نرسمہا کے علاوہ دیگر قائدین و عہدیداران پراجکٹ بھی موجود تھے۔ پراجکٹ کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ دریائے کرشنا کے ذریعہ پراجکٹ میں پانی کی آمد تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ بالخصوص آندھراپردیش کے ضلع کرنول میں پائے جانے والے سری سیلم پراجکٹ میں پانی کی آمد تیزی کے ساتھ جاری رہنے کے پیش نظر سری سیلم پراجکٹ کے ذریعہ دریائے کرشنا میں پانی کا بڑے پیمانے پر اخراج عمل میں آرہا ہے اور اس طرح سری سیلم پراجکٹ کے تین گیٹس کھول دیئے گئے ہیں۔ دریائے کرشنا کے بہنے کے علاقوں میں ریاست کرناٹک میں تعمیر کردہ الماٹی ڈیم کے علاوہ نارائن پورم پراجکٹ مکمل پُر ہوجانے کی وجہ سے ان پراجکٹس میں پانی کے جاری تیز بہاؤ کو دیکھتے ہوئے اسی مناسبت سے پانی کا اخراج عمل میں لایا جارہا ہے جس کی وجہ سے ایک طرف سری سیلم پراجکٹ کی سطح آب مکمل ہونے کے ساتھ ہی زائد پانی کو ناگر جنا ساگر پراجکٹ کے لئے چھوڑا جارہا ہے اور اس پانی کے چھوڑے جانے کے پیش نظر ناگر جنا ساگر پراجکٹ کی جملہ سطح آب گزشتہ چار سال بعد مکمل ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور پانی کی سطح میں زبردست اضافہ کے نتیجہ میں ایک طویل وقفہ کے بعد اب مکمل طور پر لبریز دکھائی دے رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سری سیلم پراجکٹ کا اِن فلو (پانی کی آمد) 1,33,601 لاکھ کیوزکس ہے تو آؤٹ فلو (پانی کا اخراج) 1,79,243 لاکھ کیوزکس بتایا جاتا ہے۔ سری سیلم پراجکٹ کی جملہ سطح آب 885 فٹ کے منجملہ موجودہ سطح زائداز 883 فٹ ہوچکی ہے۔