نائجیریا میں خواتین کے خودکش بم دھماکے، 50 ہلاک

بورنو ۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نائجیریا کے شمال مشرقی علاقوں میں خواتین شدت پسندوں کی جانب سے کیے جانے والے خودکش بم دھماکوں میں 50 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور درجنوں زخمی ہیں۔ فوج کے اہلکار نے بتایا کہ پیر کو مداگیلی کے قصبے کے بازار میں ہونے والے دو خودکش دھماکوں میں کم سے کم 25 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ قریبی ریاست بورنو میں شدت پسندوں کے حملوں میں 30 سے زائد افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہیں۔ گذشتہ ہفتے ملک کے صدر بوہاری نے دعویٰ کیا تھا کہ شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجوؤں کو ’واضح شکست‘ ہوئی ہے۔ ان تازہ حملوں کا الزام بھی بوکو حرام پر عائد کیا جا رہا ہے۔ ان پر تشدد کارروائیوں کے ذریعے بوکو حرام یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ ابھی بھی بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ملک کے صدر محمد بوہاری نے عہدے سنبھالنے کے بعد کہ شدت پسند گروہ کو شکست دینے کا وعدہ کیا تھا۔ گذشتہ ہفتے ایک انٹرویو میں نائیجیریا کے صدر نے کہا ’بوکو حرام سکیورٹی فورسز اور عوام پر منظم حملے نہیں کر سکتا ہے‘ ریاست میں فوج کے سربراہ نے تصدیق کی کہ مداگیلی قصبے کے بازار میں دو خودکش دھماکے ہوئے ہیں۔ مقامی عہدے دار نے بتایا کہ خواتین خودکش حملہ آوروں کے حملے میں کم سے کم 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔