نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری کی بیرونی دورہ پر روانگی

نئی دہلی ۔ 29مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر جمہوریہ ہندوستان محمد حامد انصاری پانچ روزہ دورہ مراقش اور تونس کل روانہ ہوں گے ‘ تاکہ ہند ۔ افریقہ چوٹی کانفرنس میں جو گذشتہ سال اکٹوبر میں منعقد کی گئی تھی موصولہ سفارتی فوائد میں اضافہ کیا جاسکے ۔ نائب صدر جمہوریہ دونوں شمالی افریقہ کے ممالک کی قیادت سے کئی مسائل بشمول دہشت گردی ‘ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی توسیع اور خانگی شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ وہ افریقہ اور دیگر علاقائی معاملات میں ہندوستان کی رسائی کو مزید مستحکم بنائیں گے ۔ حامد انصاری 30مئی سے یکم جون تک مراقش کا دورہ کریں گے ۔ وہ وزیراعظم عبدالالٰہ سے بات چیت کریں گے ۔ دونوں قائدین مشترکہ طور پر ہند ۔ مراقش چیمبر آف کامرس انڈسٹریز رباط کا آغاز کریں گے ۔ وزارت خارجہ نے آج اپنے بیان میں کہاکہ دورہ کے موقع پر کئی مفاہمت کی یادداشتوں پر جیسے تعلیمات ‘ اطلاعاتی ٹکنالوجی اور مواصلاتی ٹکنالوجی کی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے جن کی توجہ تعمیر صلاحیت اور ثقافتی تبادلوں پر مرکوز ہوگی ۔اپنے دورہ کی دوسری منزل پر حامد انصاری 2 تا 3جون تونج کا دورہ کریں گے ۔
حامد انصاری کا دورہ سفارتی فوائد میں اضافہ کرے گا جو ہند ۔ افریقہ چوٹی کانفرنس سے حاصل ہوئے تھے ۔ معتمد معاشی تعلقات نے وزارت خارجہ کے امر سنہا سے کہا کہ دونوں ممالک جمہوریت کی بہترین مثالیں ہیں ۔ شاہ مراقش نے اکٹوبر میں برسراقتدار آنے کے بعد سے اپنی جدوجہد جاری رکھی ہے ۔ امر سنہا نے کہا کہ حکومت ہند نئی دہلی میں منعقدہ چوٹی کانفرنس میں شاہ مراقش محمد چہارم کی شرکت کا خیرمقدم کرچکا ہے اور انہیں سرکاری مہمان کا مرتبہ دے چکا ہے ۔ یہ سب سے بڑی سیاسی کانفرنس تھی جس میں ہندوستان اور افریقہ کے قائدین نے شرکت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ افریقی ملک کا وزیراعظم واجپائی کے 1999ء میں دورہ کے بعد سب سے بڑا سرکاری دورہ ہوگا ۔