چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی آج دہلی روانگی ، وزیر اعظم سے ملاقات کا امکان
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے تشکیل دیئے گئے نئے زونل نظام کو مرکزی حکومت سے منظوری دلانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 3 اگست کی صبح دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ ضرورت پڑنے پر دو تین دن دہلی میں قیام کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کے بشمول مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کرنے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر نے آج پرگتی بھون میں اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے نئے تشکیل دیئے گئے زونل نظام کا جائزہ لیا اور اس کی منظوری کیلئے خود دہلی روانہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی کامیابیوں سے مقامی افراد کو مناسب فائدہ پہونچانے کیلئے زونل نظام کی تنظیم جدید کی گئی ہے۔ اس کو مرکز کی منظوری لازمی ہے۔ مرکز کی منظوری کے بعد ہی نئے زونل نظام کے تحت سرکاری جائیدادوں پر تقررات کرنے کا چیف منسٹر نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 31 اضلاع کے قیام کے بعد مقامی افراد کو 95% تحفظات پر عمل کرنے سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے کافی مواقع حاصل ہوں گے۔ مرکزی حکومت کو اس سے واقف کرانے کیلئے وہ دہلی روانہ ہورہے ہیں۔ ملازمت کی فراہمی میں مقامی افراد کو زیادہ مواقع فراہم کرنے 95% مقامی تحفظات فراہم کرنے کیلئے تلنگانہ حکومت نے نئے زونل نظام کا قیام عمل میں لایا ہے۔ مرکزی حکومت کے محکمہ قانون نے تلنگانہ حکومت کے اس فیصلے پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم کے دفتر کو فائیل روانہ کی گئی ہے۔ زونل نظام کی منظوری آخری مراحل میں پہونچ گئی ہے، جس کی وجہ سے چیف منسٹر نے دہلی پہنچ کر اس کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کا ماننا ہے کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود جو زونل نظام عمل میں ہے، وہ مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے کیلئے کارآمد نہیں ہے۔ اس لئے زونل نظام تیار کیا گیا ہے۔