میں کانگریس کے رحم و کرم پر ہوں عوام کے نہیں : کمارا سوامی

بنگلورو 27 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج کہا کہ وہ کانگریس کے رحم و کرم پر ہیں کرناٹک کے ساڑھے چھ کروڑ عوام کے رحم پر نہیں کیونکہ ان کی حکومت کو مکمل اکثریت حاصل نہں ہوئی تھی جس کا عوام سے مطالبہ کیا گیا تھا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور دوسرے مرکزی وزرا سے ملاقات کیلئے دہلی روانگی سے قبل کمارا سوامی نے کہا کہ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی ان کی اولین ترجیح ہے کیونکہ انہوں نے اس کا وعدہ کیا تھا ۔ اگر وہ یہ وعدہ پورا نہیں کرسکے تو مستعفی ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت آزاد نہیں ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ انہیں واضح اکثریت فراہم کریں تاکہ وہ کسی دباؤ کے بغیر کام کرسکیں تاہم آج وہ عوام کے نہیں کانگریس کے رحم و کرم پر ہیں۔