سیاسی سرپرستی والے بلڈر کی جانب سے سرکاری اراضیات پر تعمیر کی کوشش ناکام بنادی گئی
حیدرآباد ۔ 31 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سبب بیدخل کیے گئے غریب میوہ فروشوں کو ملگیات کی فراہمی کے نام پر لاکھوں روپئے کی دھوکہ دہی کی کوشش کو آج پولیس اور بلدیہ نے ناکام بنادیا ۔ مقامی افراد کی شکایت پر لب سڑک غیر قانونی ملگیات کی تعمیر کو روک دیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک بلڈر نے اپنے حامیوں کے ہمراہ شاہ علی بنڈہ پر سرکاری اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے عارضی ڈبوں کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ۔ بلدی عہدیداروں کی ملی بھگت سے آبادی کے درمیان یہ ڈبے بٹھائے جارہے تھے ۔ مقامی افراد کے مطابق ایک ڈبہ 8 لاکھ روپئے میں حوالے کرنے کا وعدہ کیا گیا جب کہ کرایہ پر حاصل کرنے کی صورت میں 50 ہزار اڈوانس اور 8 ہزار کرایہ کا پیشکش کرتے ہوئے 15 تاجروں سے اڈوانس حاصل کرلیا گیا ۔ آبادی کے درمیان یہ ناجائز تعمیرات ہنومان جینتی جلوس کا فائدہ اٹھا کر کی جارہی تھیں ۔ مقامی افراد کے احتجاج پر بلدیہ نے مداخلت کی اور پولیس بھی پہونچ گئی ۔ چارمینار کے اطراف کاروبار سے محروم افراد کو جگہ کی فراہمی کے نام پر شاہ علی بنڈہ ، مغل پورہ اور خلوت کے علاقوں میں ڈبے بٹھانے کا منصوبہ ہے ۔ سیاسی سرپرستی رکھنے والے بلڈرس کی ان سرگرمیوں سے عوام میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ مقامی افراد نے کہا کہ پولیس اور بلدیہ کو چوکس رہنا چاہئے ۔