اپرپلی میں رہائشی اپارٹمنٹس کا بھاری پولیس جمیعت نے محاصرہ کرلیا ۔ عوام میں سنسنی ۔ ڈاکووں کی کار سے ہتھیار برآمد ۔ گجرات کی کار پر تلنگانہ کا رجسٹریشن نمبر
حیدرآباد 4 جولائی ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ میلار دیو پلی میں واقع ایک فینانس ادارہ میں ڈکیتی کی ناکام کوشش اور پھر بعد ازاں بہت بڑے پیمانے پر ان ڈاکووں کی تلاش سے شہر کے اس علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس کی بھاری جمیعت بشمول آکٹوپس کے دستوں اور دوسرے کمانڈوز کو ڈاکووں کی تلاش کیلئے طلب کرلیا گیا تھا اور رات دیر گئے تک ایک بڑے اپارٹمنٹ کا محاصرہ کرکے پولیس دستو ں نے ان ڈاکووں کی تلاش کا عمل جاری رکھا ۔ رات دیر گئے تک ڈاکووں کی گرفتاری یا ان کے خلاف کسی کارروائی کی کوئی اطلاع نہیں مل سکی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب آج دن میں میلاردیو پلی علاقہ میں واقع متھوٹ فینانس کے دفتر پر ڈاکووں کی ایک ٹولی حملہ آور ہوئی اور وہاں ڈکیتی کی کوشش کی تھی تاہم متھوٹ فینانس کے برانچ مینیجر لطیف نے چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائرن بجادیا ۔ ان کی اس کوشش سے ڈیکیتی کی کوشش ناکام ہوگئی ۔ سائرن کی آواز سے مقامی عاوم جمع ہوگئے جس کے سبب ڈاکووں کو اپنے عزائم میں ناکام ہوکر فرار اختیار کرنی پڑی ۔ اس اطلاع کے ساتھ ہی پولیس نے غیر معمولی چوکسی اختیار کرتے ہوئے ڈاکووں کی تلاش کا عمل شروع کردیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ڈاکووں کی کار کا پتہ چلا لیا ۔ پولیس نے متھوٹ فینانس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی حاصل کرلی ۔ ان کیمروں میں دکھایا گیا ہے کہ ڈاکووں کے ہاتھوں میں ریوالور اور چاقو وغیرہ بھی تھے ۔ پولیس کو تلاشی مہم کے دوران پتہ چلا کہ ڈکیتی کیلئے پہونچنے والے ڈاکووں کی جانب سے استعمال کردہ کار اپر پلی علاقہ کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں پارک کی ہوئی ہے ۔ اس اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کی بھاری جمیعت کو وہاں روانہ کردیا گیا ۔ آکٹوپس کے کمانڈوز اور اسپیشل پولیس دستوں کے ذریعہ اس اپارٹمنٹ کا محاصرہ کرلیا گیا اور اپارٹمنٹ کے فلیٹس کی تلاشی کا عمل شروع کردیا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ اس اپارٹمنٹ میں سینکڑوں فلیٹس ہیں جو رہائشی ہیں اور ان میں لوگ مقیم ہیں۔ پولیس کی اس بھاری جمیعت اور اچانک تلاشی کی وجہ سے ان فلیٹس کے مکینوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی تھی ۔ بعد ازاں انہیں اعتماد میں لیتے ہوئے تلاشی مہم کو آگے بڑھایا گیا تاہم رات دیر گئے تک پولیس کو اپنی مہم میں کوئی کامیابی نہیں ملی تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ڈاکو یہیں کسی فلیٹس میں روپوش ہیں اور ان کا پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ڈاکووں کی تلاش کی یہ کارروائی جوائنٹ کمشنر شاہنواز قاسم کی نگرانی میں جاری رہی جس میں کئی اسسٹنٹ کمشنران پولیس ‘ درجنوں انسپکٹران ‘بے شمار سب انسپکٹران اور سینکڑوں پولیس اہلکار شامل تھے ۔ کہا گیا ہے کہ کاؤنٹر انٹلی جنس کی فورس بھی یہاں پوہنچ گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے تقریبا 900 فلیٹس کی تلاشی لی ہے تاہم انہیں ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکو متھوٹ فینانس میں ڈکیتی کی ناکام کوشش کے بعد ایک ٹویرا کار میں فرار ہوئے تھے ۔ یہ لوگ شمس آباد کے ٹول پلازہ تک بھی گئے تھے اور بعد ازاں یہ گاڑی آوٹر رنگ روڈ سے شہر میں داخل ہوئی تھی ۔ رات دیر گئے اے سی پی راجندر نگر مسٹر گنگا ریڈی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو ابھی تک ڈاکووں کی گرفتاری میں کوئی کامیابی نہیں ملی ہے تاہم پولیس کا تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اپارٹمنٹ میں جو ٹویرا کار دستیاب ہوئی ہے وہ در اصل گجرات کی ہے ۔ اس پر جو نمبر پلیٹ ہے وہ فرضی ہے اور یہ نمبر در اصل تلنگانہ کی کسی swift گاڑی کا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹویرا کار سے پولیس کو ہتھیار وغیرہ بھی دستیاب ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس کو کچھ تھیلے بھی دستیاب ہوئے ہیں جو شائد ڈکیتی کا مال لوٹنے کے بعد رکھنے کے کام آتے ہیں۔ علاقہ میں عوام کی بھاری تعداد بھی جمع ہوگئی تھی ۔