میری لینڈ تعلیمی پرائمری میں ہندوستانی نژاد

امریکی شہری راحیلہ احمد کی زبردست کامیابی
واشنگٹن ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک 22 سالہ ہندوستانی نژاد امریکی خاتون نے امریکی اسٹیٹ میری لینڈ میں ایک کلیدی پرائمری الیکشن میں کامیابی حاصل کی، جس میں ایک تجربہ کار اور سینئر خاتون کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ راحیلہ احمد کو 9624 ووٹس حاصل ہوئے جبکہ ان کے مقابلے میں کھڑی ہوئی سینئر جینا جیکب کو 6004 ووٹس حاصل ہوئے۔ انتخابات بورڈ آف ایجوکیشن ڈسٹرکٹ 5 کے پرائمری کیلئے منگل کو منعقد کئے گئے تھے۔ راحیلہ احمد کو رنراپ چیریل لینڈیس کے ساتھ نومبر کے عام انتخابات میں پیشرفت کا موقع ملا ہے۔راحیلہ احمد کی کامیابی کو اس لئے بھی اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے کہ امریکہ میں آج کل صدارتی انتخابات کی گہماگہمی ہے جہاں ری پبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ اس موقع پر راحیلہ احمد نے انتہائی مؤثر جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے متعلق ٹرمپ جو بھی کہہ رہے ہیں اگر ان سے امریکی شہریوں کی سوچ کی عکاسی ہوئی ہوتی تو وہ (راحیلہ) کبھی بھی الیکشن میں کامیاب نہیں ہوتیں۔