پارٹی ورکرس کو اتم کمار ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد 29 مئی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے پارٹی ورکرس کو نئی ٹیکنالوجی اپناتے ہوئے سائنٹیفک طریقے سے میدان سیاست کا انتخاب کرنے کا مشورہ دیا۔ محفوظ اسمبلی حلقوں سے متعلق لیڈر ڈیولپمنٹ مشن (ایل ڈی ایم آر سی) کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس اجلاس میں اے آئی سی سی، ایس سی سیل کے صدر کے راجو، ورکنگ پریسڈنٹ پردیش کانگریس کمیٹی ملو بٹی وکرامارک، ترجمان اعلیٰ ٹی پی سی سی ڈی شرون ارکان اسمبلی رام موہن ریڈی، ومشی چندر ریڈی، سمپت کمار کے علاوہ دوسرے قائدین بھی موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست کے نئے طریقوں کو اپنائے اور ٹیکنالوجی سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کرتے ہوئے عوامی خدمات کو ترجیح دیں۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں 31 اسمبلی حلقے ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے لئے محفوظ ہیں۔ ان حلقوں پر لیڈرشپ کو اُبھارنے کانگریس پارٹی گزشتہ دیڑھ دو سال سے جدوجہد کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کئی قائدین روایتی سیاست کے حامل ہیں۔ انھیں اپنے آپ میں تبدیلی لانی چاہئے اور بدلتے ہوئے حالات کے لحاظ سے اپنے آپ کو ہم آہنگ کرنا چاہئے۔ اتم کمار ریڈی نے کانگریس کیڈر پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور عوامی مسائل کو زیادہ سے زیادہ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی میں جٹ جائیں۔